ملکی تاریخ کی بدترین مہنگائی کی سونامی نےعوام کو نچوڑ کر رکھ دیا ہے، حافظ حمد اللہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمداللہ کا کہنا ہے کہ ملکی تاریخ کی بدترین اور بےلگام مہنگائی کی سونامی نےعوام کو نچوڑ کر رکھ دیا ہے . تفصیلات کے مطابق ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمداللہ نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کی تصدیق وفاقی ادارئے شماریات بھی کررہا ہے .

ترجمان پی ڈی ایم کا کہنا ہے کہ مہنگائی میں دن بدن اضافہ کے باعث غریب اور پسماندہ عوام کے لئے اپنے بال بچوں کا پیٹ پالنا مشکل ہوچکا ہے، اس لئےعوام، تنگ آمد بہ جنگ آمد، کے مصداق بن کر احتجاجی مظاہروں کے ذریعے مہنگائی کے خلاف سڑکوں پر ہیں . انہوں نے کہا کہ عمران خان، ان کے وزراء اور گورنر اسٹیٹ بینک مہنگائی کے مارے عوام کے زخموں پر، توہین آمیز، بیانات دے کر نمک پاشی کررہے ہیں، پاکستان میں مہنگائی دیگر ممالک سے کم ہے تو پھرعوام کو بتادیں کہ وہاں کی عوام کی آمدنی اور حکومتوں کی جانب سے ملنے والی مراعات کیا ہیں اور کتنی ہیں؟ حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کا ایک فاضل جاہل وزیر کہہ رہا ہے کہ روز کھانے کے 9 نوالے کم کردیں اور چینی کا استعمال 9 دانے کم کردو، عمران خان کے وزراء کی فوج کم کردیں وزراء، وزیراعظم، ایوان صدر، گورنر، وزیراعلیٰ کے محلات کے اخراجات کیوں کم نہیں کرتے؟ کیا قربانی صرف عوام کو دینی ہے حکمرانوں کو نہیں دینی ہے؟ ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمد اللہ نے مزید کہا ہے کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں عوام کی حمایت اور طاقت سے سڑکوں پر مہنگائی کے خلاف میدان میں احتجاج پر ہیں . . .

متعلقہ خبریں