بالی ووڈ اسٹار عامر خان نے میرا شو کاپی کیا، حنا بیات کا الزام


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)شوبز انڈسٹری کی سینیئر اداکارہ حنا خواجہ بیات کا کہنا ہے کہ بالی ووڈ سپر اسٹار عامر خان نے ان کا ایک شو کاپی کیا تھا جس کی وہ ماضی میں میزبانی کرتی رہی ہیں۔
حنا بیات نے حال ہی میں ایک شو میں شرکت کی جس میں انہوں نے نجی زندگی کے علاوہ اپنے ڈراموں، انڈسٹری اور مختلف موضوعات پر کھل کر بات کی۔
اداکارہ حنا بیات نے کہا کہ ماضی میں وہ ایک شو کی میزبانی کرتی تھیں اور اس وقت نفسیاتی مسائل پر بات نہیں کی جاتی تھی لیکن ان کے شو میں ان چیزوں پربات ہوتی تھی اور بہت سی کہانیوں پر بات کرنے کا موقع ملتا تھا۔ جس کا نام ’الجھن سلجھن‘ تھا لیکن بعد میں اس کا نام ’جیو حنا کے ساتھ‘ کے ساتھ تبدیل کر دیا گیا کیونکہ ہم نے صرف زندہ نہیں رہنا بلکہ زندگی کو جینا ہے۔
حنا بیات نے کہا کہ اس شو کا سیٹ بھی انہوں نے خود ڈیزائن کیا تھا، انہوں نے بتایا کہ شو کے کافی عرصے کے بعد انہیں پتہ چلا کہ بالی ووڈ اسٹار عامر خان ایک شو کر رہے ہیں اور جب ہم نے وہ شو دیکھا تو سب نے کہا یہ تو ہمارا سیٹ ہے اور یہ کانٹینٹ بھی ہمارا ہے لیکن اس وقت انڈیا والے ہمارا کانٹینٹ اور ہم ان کا نہیں دیکھ رہے تھے اس لیے کسی کو اتنا پتا نہیں چلا۔
واضح رہے حنا بیات پاکستان کے سپر ہٹ ڈراموں میں کام کر چکی ہیں جن میں شہر ذات، متاع جان ہے تو، زندگی گلزار ہے، اڑان، بشر مومن، صنم اور کتنی گرہیں باقی ہیں جیسے ڈرامے شامل ہیں۔ انہوں نے اپنے کیرئیر کا آغاز بطور میزبان کیا جس میں انہوں نے معاشرے کے حقیقی مسائل کو اجاگر کیا اور ان موضوعات پر بات کی جن پر بات کرنا ممنوع سمجھا جاتا تھا اور اس کے بعد انہوں نے اداکاری شروع کر دی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *