دودی خان نے بالی ووڈ اداکارہ راکھی ساونت کے ساتھ شادی سے انکار کیوں کردیا؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستانی اداکار دودی خان نے بالی ووڈ اداکارہ راکھی ساونت سے شادی کرنے سے انکار کردیا۔
فوٹو اینڈ شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکار دودی خان نے ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ وہ راکھی ساونت سے شادی نہیں کریں گے۔ دودی خان نے صارفین سے کہا کہ چند دن قبل سوشل میڈیا پر انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی تھی، جس میں انہوں نے راکھی ساونت کو پروپوز کیا تھا کیونکہ وہ انہیں اچھی طرح جانتے تھے۔
اداکار کا کہنا تھا کہ انہیں راکھی ساونت کے اندر محبت کرنے والا انسان نظرآیا۔ انہوں نے زندگی میں بہت اتار چڑھاؤ دیکھے ہیں، انہوں نے اپنے والدین کو کھو دیا، پھر اسلام قبول کر کے اپنا نام فاطمہ رکھ لیا اور عمرہ ادا کرنے بھی گئیں۔ اس لیے انہوں نے راکھی ساونت کو پروپوز کیا۔
دودی خان نے مزید کہا کہ شاید لوگوں کے لیے یہ قابل قبول نہیں ہے کیونکہ انہیں بہت سارے پیغامات اور ویڈیوز موصول ہوئی ہیں، اور وہ اسے برداشت نہیں کر سکتے۔ انہوں نے راکھی ساونت سے کہا ’آپ میری اچھی دوست رہیں گی، آپ دودی خان کی دلہن نہ بن پائیں، لیکن میں وعدہ کرتا ہوں کہ آپ پاکستان کی بہو بنیں گی۔ آپ کی شادی اپنے کسی بھائی سے کروا دوں گا‘۔
واضح رہے کہ اداکار دودی خان کی جانب سے چند دن قبل انسٹا گرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی تھی، جس میں وہ کہتے ہیں کہ ’السلام علیکم راکھی جی، سب سے پہلے آپ کو عمرہ مبارک ہو اور اس کے بعد پاکستان میں دلی خوش آمدید‘۔ انہوں نے راکھی سے پوچھا کہ یہ بتائیں بارات لے کر بھارت آنا ہے یا دبئی؟ اور ساتھ ہی انہوں نے راکھی ساونت سے اظہار محبت کرتے ہوئے انہیں ’لویو‘ کہا۔
دودی خان کی اس پیشکش پر راکھی ساونت نے کہا تھا کہ انہیں پاکستان سے بہت رشتے آئے ہیں لیکن انہوں نے دودی خان کو چنا ہے۔ راکھی ساونت نے کہا کہ ان کو 5وقت کا نمازی لڑکا چاہیے جو مولانا ٹائپ ہو اور پاکستانی لڑکے نمازی ہوتے ہیں۔
راکھی ساونت کا کہنا تھا کہ وہ اسلامی طریقے کے مطابق پاکستان میں شادی کریں گی جبکہ ان کا ہنی مون سوئٹزرلینڈ میں ہوگا اور وہ دبئی میں ہی رہائش پذیر ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی شادی میں پاکستانی میڈیا کو ضرور بلائیں گی۔ راکھی ساونت نے بچوں کے حوالے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ابھی سوچا نہیں ہے کہ ان کے بچے پاکستان میں ہوں گے یا بھارت میں۔
خیال رہے کہ بالی ووڈ اداکار راکھی ساونت نے 2 شادیاں کی تھیں اور دونوں ناکام ہوئیں۔ پہلی شادی رتیش نامی بزنس مین سے ہوئی جو چند ماہ ہی چل سکی، اس کے بعد انہوں نے اسلام قبول کرکے عادل درانی سے شادی کی تھی۔