کوئٹہ، کلی اسماعیل میں اینٹی نارکوٹکس کی کارروائی، منشیات فروشوں کے حملے میں تین اہلکار زخمی

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف)کوئٹہ کے علاقے کلی اسماعیل گوبرمیدانی میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کی، جس کے دوران ملزمان نے فورس پر فائرنگ اور ڈنڈوں سے حملہ کر دیا۔کارروائی ڈپٹی ڈائریکٹر جمیل مری کی نگرانی میں کی گئی، جس کا مقصد علاقے میں منشیات فروشی کے نیٹ ورک کو ختم کرنا تھا۔ تاہم، جیسے ہی اے این ایف اہلکاروں نے چھاپہ مارا، ملزمان نے شدید مزاحمت کرتے ہوئے فورس پر فائرنگ اور ڈنڈوں سے حملہ کر دیا۔حملے کے نتیجے میں اے این ایف کے تین اہلکار زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر سول اسپتال کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔ زخمی اہلکاروں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ذرائع کے مطابق، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے علاقے میں مزید سرچ آپریشن کر رہے ہیں تاکہ حملہ آوروں کو گرفتار کیا جا سکے اور علاقے کو منشیات سے پاک کیا جا سکے۔