پاکستان میں رمضان سے قبل کھجور مہنگی، قیمتوں میں 30 فیصد تک اضافہ


کراچی (قدرت روزنامہ)ملک کے مختلف شہروں میں کھجور کی قیمتوں میں رمضان سے قبل 30 فیصد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
پاکستان میں یہ ایک عام روایت بن چکی ہے کہ رمضان المبارک سے قبل اور اس مقدس مہینے کے دوران ضروری اشیاء کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوجاتا ہے۔
مسلمان عام طور پر افطار کے وقت کھجور کھانے کو ترجیح دیتے ہیں، اس لیے رمضان میں کھجور کی طلب بڑھ جاتی ہے جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے منافع خوروں نے قیمتیں بڑھا دی ہیں۔
بازار میں ایرانی کھجور 600 روپے فی کلو جبکہ پاکستانی کھجور 500 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔ ہول سیل تاجروں نے قیمتوں میں اضافے کا ذمہ دار زیادہ ٹیکسز کو قرار دیا ہے۔
ایک تاجر کے مطابق حکومت نے کسٹم ڈیوٹیز میں اضافہ کیا ہے جس کی وجہ سے قیمتیں متاثر ہوئی ہیں۔ اس کے علاوہ ٹرانسپورٹ اور آپریشنل لاگت میں اضافے نے بھی قیمتوں کو بڑھا دیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ 5 کلو کا تھیلا 80 روپے مہنگا ہو گیا ہے۔ ایک خریدار نے شکایت کی کہ جو کھجور پہلے 100 روپے فی پاؤ تھی اب وہ 120 سے 130 روپے تک پہنچ گئی ہے جبکہ کچھ دکاندار 150 روپے فی پاؤ میں فروخت کر رہے ہیں۔
ملک میں صرف ایک ہفتے میں انڈوں کی قیمت میں 20 روپے فی درجن اضافہ ہوا ہے جبکہ زندہ مرغی 20 روپے فی کلو مہنگی ہو چکی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *