خاتون ایئر ٹریفک کنٹرولر کی ایسی حرکت کہ بحرین سے اسلام آباد آنے والی پرواز حادثے کا شکار ہو تے ہوتے بچ گئی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) خاتون ائیر ٹریفک کنٹرولر کی مبینہ غفلت سے بحرین سے اسلام آباد آنے والی غیر ملکی پرواز حادثے کا شکار ہونے لگی تھی کہ پائلٹ نے حاضر دماغی سے کام لیتے ہوئے پرواز کو بچا لیا۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ ایئر ٹریفک کنٹرولر کے گائیڈ کرنے کےباوجود طیارہ 5ہزار فٹ بلندی پر پہنچ گیا،طیارہ جیسے ہی 5ہزار فٹ بلندی پر پہنچا گراونڈپر جی پی ڈبیلو ایس جاری ہوگئی،جی پی ڈبلیو ایس وارننگ سسٹم نے پہاڑی علاقے کی نشاندہی کی جس پر کپتان حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارہ واپس اوپر لے گیا۔

ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق موسم کی خرابی کی وجہ سے پائلٹ نے طیارے کو نیچے لانے کیلئے اجازت مانگی تھی،ایئر ٹریفک کنٹرولر نے طیارہ کو نیچے آنے سے منع کردیا تھا، کپتان نے دوبارہ رابطہ کرکے کہا کہ موسم خراب ہے مجھے ڈیسنٹ کی اجازت دی جائے،کنٹرولر نے کپتان کے اصرار پرطیارے کو نیچے آنے کو کہا۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ سی اے اے نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے خاتون ایئر ٹریفک کنٹرولر کو معطل کر کے تحقیقات کا حکم دے دیا گیا۔