ریکارڈ مدت میں تعمیر ہونے والے رجب طیب اردوان انٹرچینج کی سڑک ایک ہی بارش میں بیٹھ گئی، ویڈیو وائرل

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)حال ہی میں ریکارڈ مدت میں تعمیر ہونے والے اسلام آباد کے رجب طیب اردوان انٹرچینج کی سڑک ایک ہی بارش میں بیٹھ گئی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سڑک پر ایک بڑا سا گڑھا بنا ہوا ہے جسے بھرا جا رہا ہے۔
ویڈیو وائرل ہوئی تو صارفین کی جانب سے حکومت پر شدید تنقید کی گئی، ایک صارف نے لکھا کہ ایسے تو اس ملک کو لوٹا جا رہا ہے۔
خان نامی صارف نے رجب طیب اردوان انٹرچینج کی سڑک بارش کے باعث بیٹھ جانے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’ابھی ٹھیکیدار کو پکڑو‘۔
خاور اظہر نے طنزاً لکھا کہ بھائی اگر کام کی یہ کوالٹی تھی تو نام کسی پاکستانی بھائی کا ہی رکھ لیتے ویسے ہی اتنے عظیم دوست کو رسوا کیا۔
ایک ایکس صارف نے لکھا کہ تعمیراتی کاموں میں بہتری کی گنجائش رہتی ہے۔ امید ہے مستقبل میں احتیاط برتی جائے گی۔
واضح رہے کہ رجب طیب اردوان انٹرچینج منصوبہ کی تکمیل کا دورانیہ 180 روز مقرر کیا گیا تھا لیکن اسے 84 دنوں میں مکمل کر لیا گیا، اس منصوبہ میں ایف ٹین سے منسلک 4.3 کلومیٹر کی سڑکیں بھی تعمیر کی گئی تھیں اور بارش کے پانی کے نکاس کے لیے 2 کلومیٹر لمبے نالے بھی بنائے گئے تھے۔