’اپنا کماتی ہوں، اپنا کھاتی ہوں‘، طلاق یافتہ خاتون کی جشن مناتے ڈانس ویڈیو وائرل

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اگر کسی جوڑے کی طلاق ہوجائے تو وہ افسردہ ہوتا ہے لیکن ایک پاکستانی خاتون کی طلاق ہونے پر ڈانس کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔
وائرل ویڈیو میں خاتون کو کوک اسٹوڈیو کے گانے ’مغروں لا‘ پر پر جوش انداز میں ڈانس کرتے دیکھا جا سکتا ہے، عظیمہ احسان نامی خاتون نے یہ ویڈیو اپنے انسٹاگرام پر پوسٹ کی اور بتایا کہ وہ تین بچوں کی ماں ہیں۔ اس کے ساتھ طلاق کے بارے میں ایک پیغام بھی شیئر کیا۔
خاتون نے لکھا کہ طلاق کو پاکستانی کمیونٹی میں اور خاص طور پر عورتوں کے لیے موت کی سزا کی طرح سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’مجھے بتایا گیا کہ میری زندگی ختم ہو جائے گی، مجھے پچھتاوا ہو گا اور خوشی کو تو بھول جاؤ‘۔ خاتون کا کہنا تھا کہ ’لوگوں کی تنقید اب بھی جاری ہے، لیکن میں اس کے باوجود ڈانس کرتی ہوں، ہنستی ہوں۔ زندگی اتنی بری نہیں ہے جتنی مجھے بتائی گئی تھی۔ بلکہ اس کے بالکل برعکس ہے‘۔
عظیمہ احسان نے کہا کہ ’ہم طلاق کو بری چیز سمجھتے ہیں، جبکہ اسے ایک نئے آغاز کے طور پر دیکھا جانا چاہیے، ہاں یہ فیصلہ مشکل ہوتا ہے اور تنہائی کا احساس دلاتا ہے لیکن ایسی شادی جہاں آپ سانس نہیں لے سکتے وہ زیادہ برا ہے۔ ایک ناخوشگوار شادی میں پھنسے رہنا طلاق سے کہیں زیادہ برا ہے‘۔
خاتون کا کہنا تھا کہ ’میں کبھی بھی طلاق نہیں چاہتی تھی لیکن میرے لیے اور میرے تین بچوں کے لیے یہ آزادی تھی یہاں تک کے میرے سابق شریک حیات کے لیے بھی اور یہ ہم دونوں کے لیے بہترین فیصلہ تھا‘۔ انہوں نے کہا کہ شادی محبت اور احترام پر مبنی ہونی چاہیے، نہ کہ بدنامی کے خوف پر۔ میں بہت ساری پاکستانی عورتوں کو دیکھتی ہوں جو صرف طلاق شدہ کے لیبل سے بچنے کے لیے اپنے آپ کو قربان کر دیتی ہیں۔ میں ان سے کہتی ہوں آپ کی خوشی اور سکون اہم ہے۔ زندگی جاری رہتی ہے۔ خوفزدہ نہ ہوں‘۔
پوسٹ کے آخر میں انہوں نے کہا کہ ’اپنا کماتی ہوں، اپنا کھاتی ہوں اپنے آپ کو سنبھالتی ہوں، اپنے خود کے نخرے اٹھاتی ہوں، اپنے آپ کی پسندیدہ ہوں، کوئی مرد کی ٹینشن نہیں ہے‘۔