ناک میں انگلی ڈالنے کی عادت نے شہری کو ایمرجنسی میں اسپتال پہنچا دیا، وجہ کیا بنی؟

واشنگٹن(قدرت روزنامہ)چینی شخص کی ناک میں انگلی ڈالنے کی عادت کے باعث ہنگامی طور پر اس کی سرجری کرنا پڑ گئی۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اس شخص کے عجیب و غریب کیس کو اس کی بیوی نے ایک مختصر کلپ کی شکل میں سوشل میڈیا پر اس لیے شیئر کیا تاکہ دیگر افراد جنہیں یہ عادت ہوتی ہے وہ اسے چھوڑ دیں۔
یہ واقعہ چینی صوبے شانسی کے ژیان یانگ شہر سے تعلق رکھنے والے شخص کے ساتھ پیش آیا جس کا نام نہیں ظاہر کیا گیا تاہم مذکورہ شخص کی انگلی اکثر و بیشتر ناک میں رہتی تھی جس کی وجہ سے اسے اسپتال جانا پڑا۔
رپورٹس کے مطابق ایک دن معمول کے مطابق جب وہ ناک میں انگلی دیے بیٹھا تھا تو اس کی ناک سے شدید خون بہنے لگا، اس شخص اور اس کی بیوی کی بہت کوششوں کے باوجود بھی جب خون نے رکنے کا نام نہ لیا تو دونوں اسپتال پہنچے۔
اسپتال پہنچنے پر ڈاکٹروں نے بتایا کہ اس کی شریان پھٹ گئی ہے جس کے باعث اس کی ہنگامی سرجری کرنی پڑے گی۔
اس شخص کی بیوی نے اسپتال کے پورے تجربے کو فلمایا۔
ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ ناک میں مسلسل انگلی ڈالنے سے انفیکشن کا سنگین خطرہ ہوتا ہے لیکن جب یہ عادت بن جائے تو یہ اور بھی مسائل پیدا کر سکتی ہے، ناک میں بہت زیادہ انگلی ڈالنا خون کی نالیوں یا ٹشوز کو نقصان پہنچا سکتا ہے یا یہاں تک کہ ایک شریان بھی پھٹ سکتی ہے۔