آرمی چیف کی تقریر کے بعد وضاحت ہوگئی ہے کہ 9 مئی پرکوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، عطا تارڑ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑکا کہنا ہے کہ آرمی چیف کی تقریر کے بعد وضاحت ہوگئی ہے کہ 9 مئی پرکوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر ایک پروفیشنل سولجر ہیں انہوں نے دشمنان پاکستان کو واضح پیغام دیا ہے کہ پاک فوج ملک دشمنوں سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے جو مٹھی بھر دہشت گرد ہیں ان کو ہم نست و نابود کر دیں گے اور ان کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، آرمی چیف نے ملک دشمنوں، دہشتگردوں، سہولت کاروں اور 9 مئی کے کرداروں کو واضح پیغام دے دیا ہے، پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان کو جیل میں خصوصی سہولیات حاصل ہیں اور وہ ہفتے میں چار مرتبہ ملاقاتیں کر رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کسی چھٹی پر نہیں بلکہ کرپشن کیس میں جیل میں ہیں، ان کے نزدیک بانی پی ٹی آئی جیل میں چھٹیاں منا رہے ہیں کیوں کہ انہیں عام قیدیوں کے برعکس زیادہ سہولتیں حاصل ہیں، پی ٹی آئی کی موجودہ حالت بکھری ہوئی ہے اور جماعت میں اب دو واضح گروپس سامنے آ چکے ہیں، ایک علیمہ خان کی سربراہی میں اور دوسرا بشریٰ بی بی کی قیادت میں ہے، نہیں لگتا کہ پارٹی نے ماضی میں کوئی بھی درست پالیسی اختیار کی ہو۔
سیاسی معاملات پر بات کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ روابط اور اہم امور پر بات چیت کے لیے اسحاق ڈار کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، اس کمیٹی کا مقصد باہمی سیاسی مفاہمت اور پارلیمانی تعاون کو فروغ دینا ہے، آئندہ ہفتوں میں سکھر موٹروے سے متعلق مثبت پیش رفت کا امکان ہے، بلوچستان میں ترقیاتی منصوبے عوام پر اضافی بوجھ ڈالے بغیر مکمل کیے جا رہے ہیں اور بلوچستان کا فائدہ دراصل پاکستان کا فائدہ ہے۔