پنجاب حکومت کے پاس سیاسی طعنہ بازی، جھوٹ اور شعبدہ بازیوں کا وقت نہیں: عظمیٰ بخاری

لاہور (قدرت روزنامہ)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب معاشرے کے کمزور طبقے کو باوقار زندگی کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ “یہ وقت سیاسی طعنہ بازی، جھوٹے بیانات اور شعبدہ بازیوں کا نہیں بلکہ عوامی خدمت کا ہے۔ بعض عناصر اپنی ناکام سیاست کو بچانے کے لیے مصنوعی بحران پیدا کرتے ہیں، لیکن عوام سب جانتے ہیں۔”

شعظمیٰ بخاری نے کہا کہ حکومت کی عوامی فلاحی پالیسیوں نے عوام میں اعتماد بحال کیا ہے۔ مریم نواز کی قیادت میں کیے گئے ریلیف اقدامات کا نتیجہ ہے کہ حالیہ سرویز میں ان کی مقبولیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جو کسی سیاسی جلسے کی نہیں، عوامی خدمت کی بدولت ہے۔

انہوں نے کسانوں کے حوالے سے ایک اہم نکتہ اٹھاتے ہوئے سوال کیا، اگر پنجاب میں کسان مشکل میں ہیں تو کیا باقی صوبوں نے گندم خریداری یا امدادی قیمت کے اعلان کے ذریعے اپنی ذمہ داری پوری کی؟ تنقید کا نشانہ ہمیشہ پنجاب ہی کیوں؟یہ باتیں انہوں نے لاہور پریس کلب میں سینئر فوٹو جرنلسٹس کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

عظمیٰ بخاری نے فوٹوگرافرز کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا، “یہ ہمارے بھائی ہیں، اگر انہوں نے ہمیں تصاویر میں نہ دکھایا ہوتا تو شاید ہم آج سیاست میں نظر نہ آتے۔ مظاہروں کے دوران جب پولیس تشدد کے لیے آتی تھی، یہی فوٹوگرافر ہمیں تحفظ دیتے تھے۔”انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت پنجاب صحافیوں، خصوصاً فوٹو جرنلسٹس کے لیے فلاحی اقدامات کا دائرہ بڑھا رہی ہے۔ ہم 3200 مستحق صحافیوں کو 5 مرلے کے رہائشی پلاٹ دیں گے۔ یہ کسی قسم کی رشوت نہیں بلکہ ان کا حق ہے۔ آئندہ کابینہ اجلاس میں “جرنلسٹ ہاؤسنگ سوسائٹی فیز ٹو” کو ایجنڈے میں شامل کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ 30 لیپ ٹاپس سینئر فوٹو جرنلسٹس کو دیئے جائیں گے اور ایک جدید فوٹو لیبارٹری بھی قائم کی جائے گی۔ انہوں نے تجویز دی کہ اگلی تصویری نمائش کا افتتاح وزیراعلیٰ پنجاب کریں، جیسا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے ایک نمائش کا افتتاح کیا تھا۔

تقریب میں ایسوسی ایشن آف فوٹو جرنلسٹس لاہور کے صدر وسیم نیاز نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا، “عظمیٰ بخاری ہماری بڑی بہن کی طرح ہیں۔ بہن ہی بھائی کے دکھ کو سمجھتی ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ فوٹوگرافرز کی تصاویر پر مشتمل ایک مستقل تصویری نمائش کا اہتمام کرے۔”لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے سینئر فوٹوگرافر اظہر جعفری کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا، “ایسے لوگ کبھی مرتے نہیں، ان کی تصاویر ہمیشہ بولتی رہتی ہیں۔” انہوں نے بعض سیاسی عناصر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ “حکومت میں بیٹھ کر اگر پیپلز پارٹی کے رہنما شہباز شریف کو دھمکیاں دے رہے ہیں تو پہلے خود استعفے دیں۔”

سینئر صحافی سجاد بخاری نے کہا، “فوٹوگرافر وہ لوگ ہیں جو دوسروں کے لمحات محفوظ کرتے ہیں، مگر خود پس منظر میں رہتے ہیں۔ ان کے کام کو سراہنا ہمارا فرض ہے۔” انہوں نے پاک میڈیا فاؤنڈیشن کے لیے 1 لاکھ روپے عطیہ دینے کا اعلان کیا۔تقریب کے اختتام پر سینئر فوٹوگرافر عمران شیخ نے کہا، “جب(ن )لیگ مشکل میں تھی، تب فوٹوگرافرز نے ڈنڈے کھا کر بھی کلثوم نواز پر ہونے والے ظلم کی تصاویر دنیا تک پہنچائیں۔ ہم نے پہلے بھی پیچھے ہٹنا نہیں سیکھا، اور آئندہ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔”

ا