پنجاب میں ادبی و ثقافتی ترقی کے نئے باب رقم ہورہے ہیں، عوام کا اعتماد ہمار ا حوصلہ ہے: عظمیٰ بخاری

لاہور (قدرت روزنامہ) محکمہ اطلاعات وثقافت پنجاب کے زیر اہتمام سوہنی دھرتی پنجاب کی خوشبوؤں سے لبریز ”پنجاب ثقافت دیہاڑ“ اپنی بے پناہ رعنائیوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔پنجاب ثقافت دیہاڑ کے تیسرے اور آخری روز صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت پنجاب عظمیٰ زاہد بخاری نے خصوصی شرکت کی۔صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری فنکاروں کی پرفارمنس پر بھرپور انداز میں داد دیتی رہیں۔ بچے،بچیاں اور بڑے عظمیٰ بخاری کے ساتھ سلفیاں بناتے رہتے۔
وزیر اطلاعا ت وثقافت عظمیٰ بخاری نے پنجاب ثقافت دیہاڑ میں شرکت کرنے والے آرٹسٹوں، دانشوروں، فنکاروں اور اپنی رسم ورواج سے محبت کرنے والوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیااور کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی زیر قیادت پنجاب میں ادبی وثقافتی ترقی کے نئے باب رقم کیے جا رہے ہیں،اپنی قدروں کی حفاظت کرنا ہماری ذمہ داری ہے اور یہ چیلنج ہم عوام کے تعاون سے نہایت خوش اسلوبی سے ادا کررہے ہیں، عوام کا اعتماد ہمار ا حوصلہ ہے،لوگ کی بڑی تعداد نے پنجاب ثقافت دیہاڑ میں شرکت کرکے اپنی امن دوستی کا ثبوت دیا۔
انھوں نے مزید کہا کہ پنجاب انمول خزانوں کی سرزمین ہے،اسکی آغوش میں کئی نسلوں کی تربیت ہوئی ہے،پنجاب کے لوگ آپسی پیار ومحبت، اخوت و رواداری، امن وسلامتی کوفروغ دینے میں بے مثال ہیں،پنجاب ثقافت دیہاڑ کا مقصد اپنی تاریخ،تہذیب وتمدن،فن و ثقافت،زبان وادب کو اُجاگر کرنا تھا،وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق پنجاب کے آرٹ،ورثہ کی ترویج و ترقی کا مشن جاری رہے گا۔
اس موقع پر ایگزیکٹوڈائریکٹر الحمراء آرٹس کونسل توقیر حیدر کاظمی، ایگزیکٹوڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل محمد تنویر ماجد،ڈی جی پاپولیشن ثمن رائے ودیگر نے شرکت کی۔پنجاب ثقافت دیہاڑ میں پنجاب کے چپے چپے پر پھیلی ثقافت پر مبنی سٹالز عوام توجہ کا مرکز بنے رہے۔نامور گلوکار ندیم عباس لونے والے کی گائیکی پر نوجوان محو رقص نظر آئے۔
پنجاب ثقافت دیہاڑ میں پنجابی مشاعرہ کا بھی اہتمام کیا گیا تھاجس میں پنجاب کے صوفیاء کرام کو زبردست انداز میں خراج عقیدت پیش کیاگیا۔ محکمہ اطلاعات وثقافت آئندہ بھی ثقافتی رنگوں پر مبنی خوبصور ت پروگرام پیش کرتا رہے گا۔