امارات میں میڈیا کیلئے نیا نظام متعارف، خلاف ورزی پر 20 لاکھ درہم تک جرمانہ

ابو ظہبی (قدرت روزنامہ) دبئی میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران متحدہ عرب امارات کی میڈیا کونسل نے میڈیا کے شعبے کو منظم اور فروغ دینے کے لیے ایک نیا نظام متعارف کرا دیا ہے۔ یہ نظام افراد اور اداروں دونوں کے میڈیا سرگرمیوں کو باقاعدہ بناتا ہے اور ملک میں شائع یا نشر ہونے والے مواد کے لیے 20 نئے معیارات طے کرتا ہے۔ نئے قواعد و ضوابط کے تحت گمراہ کن مواد پر پابندی ہوگی، اشتہارات اور مواد میں فرق واضح کرنا لازم ہوگا، اور صحت سمیت حساس شعبوں سے متعلق غیر مجاز اشتہارات پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔
خلیج ٹائمز کے مطابق ضوابط کی خلاف ورزی کی صورت میں انتباہ، جرمانے، اور لائسنس کی منسوخی جیسے اقدامات کیے جا سکتے ہیں، جبکہ مالی سزائیں ایک بار خلاف ورزی پر ایک ملین درہم اور بار بار خلاف ورزی پر دو ملین درہم تک ہو سکتی ہیں۔ نئے نظام کے تحت افراد کو مخصوص شرائط کے تحت میڈیا ادارے قائم کرنے کی اجازت بھی دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ مقامی مواد کی ترویج کے لیے مصنفین، تخلیق کاروں اور فلمی و تھیٹر پروڈکشنز کو خصوصی مراعات اور چھوٹ فراہم کی جائے گی۔
یہ قانون گزشتہ 40سال میں پہلی بار میڈیا کے شعبے کے لیے مکمل ریگولیٹری فریم ورک کے طور پر سامنے آیا ہے، جس کا مقصد میڈیا کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور قومی شناخت کے تحفظ کے ساتھ ساتھ مقامی مواد کو فروغ دینا ہے۔