اقوام متحدہ کے امن مشن دستے میں شامل 2 پاکستانیوں سمیت 57 اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اقوام متحدہ کے امن مشن کے 57 اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا جن میں 2 پاکستانی بھی شامل ہیں۔
نیویارک میں یہ تقریب اقوام متحدہ کے امن اہلکاروں کے بین الاقوامی دن کے موقع پر منعقد کی گئی جس میں 32 ممالک سے تعلق رکھنے والے 57 فوجی، پولیس اور سول امن اہلکاروں کو بعد از وفات خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
ان اہلکاروں نے گزشتہ سال دنیا بھر کے امن مشنز میں خدمات انجام دیتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کیا تھا۔
بعد از وفات دیا جانے والا “ڈاگ ہیمرشولد میڈل” سپاہی محمد طارق اور حوالدار احسن اللہ خان کو دیا گیا۔ ان اہلکاروں نے یو این انٹرِم سکیورٹی فورس برائے ابیی (UNISFA) کے ساتھ خدمات انجام دی تھیں۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے تقریب کی صدارت کی اور شہید ہونے والے اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
پاکستان کے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد اور مشن کے ملٹری ایڈوائزر کرنل عمر شفیق بھی تقریب میں موجود تھے۔انہوں نے دیگر ممالک کے سفیروں اور فوجی نمائندوں کے ہمراہ ایوارڈز وصول کیے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ امن محافظ ایک پیچیدہ دنیا میں نہایت مشکل حالات کا سامنا کر رہے ہیں۔
انہوں نے دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی تقسیم، دہشت گردی جیسے خطرات، امن محافظوں کے خلاف مہلک گمراہ کن معلومات، اور سرحدوں سے ماورا چیلنجز جیسے موسمیاتی تبدیلی اور بین الاقوامی جرائم کو اجاگر کیا۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے امن اہلکاروں کا بین الاقوامی دن 2002 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے مقرر کیا تھا، تاکہ دنیا بھر کے امن اہلکاروں کی خدمات کو سراہا جا سکے اور ان اہلکاروں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جا سکے، جنہوں نے امن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ دیا۔