کوئٹہ‘سریاب اور گردونواح میں غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ، اسمبلی میں شدید تشویش کیسکوچیف کا طلب کرلیا

2جون کو کیسکو حکام لوڈشیڈنگ پر اسپیکر اور ارکان اسمبلی کو بریفنگ دیں گے
کوئٹہ(قدرت روزنامہ )بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کے دوران عوامی اہمیت کے نکتہ پر بحث کرتے ہوئے معزز اراکین اسمبلی علی مدد جتک، پرنس احمد عمر احمدزئی اور صمد خان گور گیج سریاب اور ضلع کوئٹہ کے گردونواح میں جاری غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ شدید گرمی میں بجلی کی مسلسل بندش عوام کے لیے شدید مشکلات کا باعث بن رہی ہے، لہذا انہوں نے معزز اسپیکر سے معاملے میں مداخلت کی درخواست کی۔اس ضمن میں بلوچستان اسمبلی کے قواعد و ضوابط 1974 کے قاعدہ 201-سی کے تحت اسپیکر نے کیسکوبلوچستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو حکم دیا ہے کہ وہ 2 جون 2025 بروز پیر، دوپہر 1 بجے اسمبلی اجلاس میں شرکت کر کے معزز اسپیکر اور اراکین اسمبلی کو اس معاملے پر بریفنگ دیں۔ اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے کیسکوحکام کو باضابطہ دعوت نامہ جاری کر دیا گیا ہے۔