پشتونخوا میپ کا زیارت میں 10جون کو بڑا جلسہ‘ تیاریاں جاری

محمود خان اچکزئی خطاب کرینگے ‘ پارٹی اجلاس میں ذمہ داریاں تفویض کردی گئی


کوئٹہ (قدرت روزنامہ) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی کابینہ کا اجلاس پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدرسید شراف آغا کی صدارت میں پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں عید الضحیٰ کے چوتھے دن 10جون بروز منگل ضلع زیارت میں پارٹی کے مرکزی جلسہ عام کی تیاریوں کا جائزہ لیاگیااور جلسے کے انتظامات کے سلسلے میں مختلف کمیٹیوں کی تشکیل کئی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ ضلع زیارت کی ضلع کمیٹی ، تحصیل کمیٹیوں کے ہنگامی اجلاس برائے تیاری منعقد کیئے جائینگے۔
اجلاس میں پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال ، مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری مالیات آغا سید لیاقت علی ، مرکزی سیکرٹری عبدالحق ابدال ،صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان ، صوبائی آفس سیکرٹری ملک عمر کاکڑ، صوبائی پارلیمانی سیکرٹری حضرت عمر ایڈووکیٹ، صوبائی سیکرٹری ثقافت سردار حیات خان میرزئی ،صوبائی رابطہ سیکرٹری گل خلجی ،صوبائی لیبر سیکرٹری حبیب الرحمن بازئی، منان خان بڑیچ، حاجی فرید خان پانیزئی ،حاجی دارا خان جوگیزئی،سردار ادریس بڑیچ، سردار شفیق خان ترین، دوست محمد لونی ، اقبال خان بٹے زئی ، سید فیض اللہ آغا ، حفیظ ترین نے شرکت کی ۔
اجلاس میں پارٹی ضلع زیارت کے عہدیداروں اور کارکنوں کو جلسہ عام کی بھرپور تیاری کی ہدایت کی گئی ۔زیارت کا جلسہ عام ملک میں آئین کی بالادستی ، پارلیمنٹ کی خودمختیار، جمہور کی حکمرانی ، قوموں کی برابری پر مبنی حقیقی جمہوری فیڈریشن کے قیام کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا ۔ جلسہ عام سے پارٹی کے محبوب چیئرمین ملی مشر اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربرا ہ ورکن قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی خطاب اور دیگر مرکزی وصوبائی قائدین خطاب فرمائینگے۔ضلع زیارت کے غیور ،وطن دوست ، قوم دوست ، جمہوریت پسند عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ اس عظیم الشان اور تاریخی جلسہ عام میں بھرپور انداز میں شرکت کریں۔