این اے 251 کے 22 متنازعہ پولنگ اسٹیشنز کی دوبارہ گنتی، مزید 2 دن کی مہلت

ریٹرننگ آفیسر کو ووٹوں کی دوبارہ گنتی مکمل کرنے کے لیے 2 دن کی مہلت دیدی گئی، انتخابی ٹریبونل


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان کے انتخابی ٹریبونل-III میں این اے 251 شیرانی، ژوب، قلعہ سیف اللہ کے حلقے سے متعلق انتخابی عذرداری نمبر 33/2024 کی سماعت 29 مئی 2025 کو ہوئی۔ عذرداری خوشحال خان ولد عثمان خان کی جانب سے دائر کی گئی تھی جس کی سماعت جسٹس محمد عامر نواز رانا نے کی۔سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل شمس الرحمن کاکڑ، الیکشن کمیشن کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لا شہزاد اسلم، سینئر پرسنل اسسٹنٹ نصیر احمد، ریٹرننگ آفیسر این اے 251 اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ژوب اور فریق نمبر 2 کے وکلا عدنان اعجاز شیخ اور احسان خان دوٹانی عدالت میں پیش ہوئے۔
جبکہ فریقین نمبر 3 تا 17 کو 3 مئی 2024 کو یک طرفہ قرار دیا جا چکا ہے۔قبل ازیں 22 مئی 2024 کو عدالت نے ریٹرننگ آفیسر کو حلقہ این اے 251 کے 22 متنازعہ پولنگ اسٹیشنز میں ڈالے گئے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم دیا تھا۔ 29 مئی کی سماعت میں ریٹرننگ آفیسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اب تک 8 پولنگ اسٹیشنز کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی مکمل کرلی گئی ہے اور باقی عمل مکمل کرنے کے لیے مزید دو دن درکار ہوں گے۔عدالت نے تمام فریقین کی باہمی رضا مندی سے کیس کی سماعت 4 جون 2025 تک ملتوی کرتے ہوئے ریٹرننگ آفیسر کو ہدایت کی کہ اس تاریخ تک مکمل رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے۔