پاکستانی ایئرپورٹ عملے نے دیانت داری کی مثال قائم کر دی، غیر ملکی بھی معترف

اسلام آباد (قدرت روزنامہ )پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی(پی اے اے )نے ایک قابلِ ستائش اقدام کے تحت بیرونِ ملک سے آئے ایک مسافر کو اس کا قیمتی آئی پیڈ واپس لوٹا دیا، جسے وہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بھول گئے تھے۔

مسافر نے ایئرپورٹ عملے کی دیانت داری اور پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔یہ واقعہ چند روز قبل پیش آیا جب برمنگھم، برطانیہ سے آنے والا ایک وکیل اسلام آباد ایئرپورٹ پر اپنا آئی پیڈ بھول گیا۔بتایا گیا ہے کہ یہ ڈیوائس تقریبا سات لاکھ روپے مالیت کی تھی۔ عملے کو جب یہ آئی پیڈ لاوارث حالت میں ملا تو انہوں نے فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دی اور ضابطے کی کارروائی کے بعد اسے اصل مالک تک پہنچایا گیا۔

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق، مسافر نے بعد ازاں ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے نہ صرف عملے کی دیانت داری کی تعریف کی بلکہ ان کی پیشہ ورانہ تربیت اور اخلاقیات کو بھی سراہا۔مسافر کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ پاکستان کے مثبت چہرے کو اجاگر کرتا ہے اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے اعتماد بحال کرتا ہے۔

پی اے اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اتھارٹی کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ وہ بین الاقوامی معیار کی سروسز فراہم کرے اور ایسے اقدامات کے ذریعے پاکستان کے ہوائی اڈوں پر آنے والے مسافروں کو تحفظ، سہولت اور اعتماد فراہم کیا جا سکے۔