کوئٹہ میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری، کیسکو کی یقین دہانیاں کھوکھلی ثابت ہوئیں

وزیراعلی اور ارکان اسمبلی بھی کیسکو کے سامنے بے بس، شہری شدید مشکلات کا شکار

کوئٹہ کو لوڈشیڈنگ فری بنانے کا عزم، صارفین تعاون کریں،چیف ایگزیکٹو کیسکو


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے، جبکہ وزیر اعلی بلوچستان سمیت بلوچستان اسمبلی کے اراکین بھی کیسکو کے سامنے بے بس نظر آ رہے ہیں۔ بارہا یقین دہانیوں کے باوجود کیسکو کی جانب سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ نہ ہو سکا، اور بجلی کی فراہمی بدستور غیر تسلی بخش ہے۔ذرائع کے مطابق کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں 10 سے 14 گھنٹے تک کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ معمول بن چکی ہے۔
بلوچی اسٹریٹ، ٹین ٹاون ،شالدرہ،جناح ٹاون سریاب، بروری، کاسی روڈ، ہزارہ ٹاون، نواں کلی، پشتون آباد، اسپینی روڈ اور دیگر علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے، جس کی وجہ سے روزمرہ زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔وزیراعلی بلوچستان اور اسمبلی کے ارکان کی جانب سے متعدد بار کیسکو حکام سے ملاقاتیں اور عوامی شکایات کے بعد نوٹس لینے کے اعلانات کیے گئے، مگر ہر بار صرف زبانی یقین دہانیاں کر کے معاملات کو ٹالا گیا۔ عملا نہ لوڈشیڈنگ میں کمی آئی اور نہ ہی نظام میں بہتری دیکھنے میں آئی۔شدید گرمی اور رمضان کے بعد اب عید کے قریب بھی بجلی کی مسلسل بندش نے کاروباری طبقے، طلبہ اور گھریلو صارفین کو شدید مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کیسکو حکام کی نااہلی اور حکومت بلوچستان کی بے بسی نے صورت حال کو بدترین کر دیا ہے۔
شہریوں اور سماجی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف فوری عملی اقدامات کیے جائیں، کیسکو کو جوابدہ بنایا جائے اور بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا جائے، بصورت دیگر عوام احتجاج پر مجبور ہوں گے دوسری جانبکیسکو کی جانب سے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کو لوڈشیڈنگ سے نجات دلانے کیلئے بڑے اقدامات جاری ہیں۔ وفاقی وزیر برائے توانائی، کیسکو بورڈ آف ڈائریکٹرز اور چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر یوسف شاہ خان کی خصوصی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں 11Kv فیڈرز کو بجلی چوری سے پاک کرنے اور میٹرز کو محفوظ و نمایاں مقامات پر تنصیب کرنے کی خصوصی مہم جاری ہے۔
ترجمان کیسکو کے مطابق اس مہم کے تحت زرغون ڈویژن نے نواں کلی فیڈر پر اسپیشل کامبنگ اور میٹرسیکورنگ کا عمل مکمل کرلیا ہے جس کے بعد نواں کلی فیڈر کو باقاعدہ طور پر لوڈشیڈنگ فری قرار دے دیا گیا ہے۔ قبل ازیں شہباز ٹان فیڈر پر بھی یہ عمل مکمل کر کے اسے لوڈشیڈنگ سے مستثنی کیا جا چکا ہے۔کیسکو کا کہنا ہے کہ طوغی روڈ، کاسی ون، جی او آر ممتاز، نواں کلی بائی پاس، کچلاک سٹی، اے ون سٹی، سریاب ون، پی اے ایف، نیو جان محمد، سیٹلائٹ ٹان، خیر بخش مری اور نیو پشتون آباد جیسے اہم علاقوں میں بھی اسپیشل کامبنگ و میٹرسیکورنگ کا عمل تیزی سے جاری ہے اور جلد یہ تمام فیڈرز بھی لوڈشیڈنگ فری قرار دیے جائیں گے۔چیف ایگزیکٹو یوسف شاہ خان مہم کی خود نگرانی کر رہے ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر کام کی رفتار کا جائزہ لیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا ہدف کوئٹہ کو لوڈشیڈنگ سے پاک کرنا ہے، لیکن اس کیلئے ضروری ہے کہ صارفین بجلی چوری کے خاتمے میں تعاون کریں اور بلوں کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنائیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ بجلی چوری اور بلوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے صارفین کو لوڈشیڈنگ جیسے مسائل کا سامنا ہے، اور یہ مہم نہ صرف بجلی چوری کے خلاف مثر اقدام ہے بلکہ اس سے عوام کو بہتر وولٹیج اور بلاتعطل بجلی کی فراہمی بھی یقینی بنائی جا سکے گی۔کیسکو نے واضح کیا کہ یہ مہم کوئٹہ کے علاوہ بلوچستان کے دیگر اضلاع میں بھی شروع کر دی گئی ہے، اور اس کا مقصد نیپرا کی ہدایات کے مطابق برقی میٹروں کو عوامی املاک سے ہٹا کر محفوظ مقامات پر تنصیب، درست میٹر ریڈنگ، اور صارفین کے جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ برقی میٹروں کی محفوظ اور نمایاں تنصیب ایک صارف دوست نظام کی بنیاد ہے، جس سے غیرقانونی کنکشنز کا خاتمہ اور نظام میں شفافیت پیدا ہو گی۔ کیسکو نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بجلی چوروں کی نشاندہی کریں تاکہ کوئٹہ کو مکمل طور پر لوڈشیڈنگ فری بنایا جا سکے۔

WhatsApp
Get Alert