متحدہ عرب امارات ایک اور سروے میں دنیا کا محفوظ ترین ملک قرار

ابو ظہبی (قدرت روزنامہ) متحدہ عرب امارات نے ایک اور حفاظتی انڈیکس میں متاثر کن اسکور حاصل کرلیے ۔ گیلپ کی 2021 گلوبل لاء اینڈ آرڈر رپورٹ کے مطابق ملک کے تقریباً 95 فیصد باشندوں نے کہا کہ وہ رات کے وقت اکیلے چلنے میں محفوظ محسوس کرتے ہیں ، متحدہ عرب امارات اس مخصوص زمرے کی لسٹ میں سرفہرست ہے ، ناروے (93 فیصد) چین (91 فیصد) اور سلووینیا (91 فیصد) کے ساتھ یو اے ای سے نیچے ہیں ، اس کے علاوہ رپورٹ کے لا اینڈ آرڈر انڈیکس میں بھی 93 کے انڈیکس سکور کے ساتھ متحدہ عرب امارات دوسرے نمبر پر تھا ، جو کہ فہرست میں صرف ناروے (94) سے پیچھے ہے لیکن یو اے ای سوئٹزرلینڈ، چین اور فن لینڈ جیسے ممالک سے آگے ہے۔

گیلپ کا لاء اینڈ آرڈر انڈیکس درج ذیل چار سوالات کی بنیاد پر شمار کیا جاتا ہے:
• جس شہر یا علاقے میں آپ رہتے ہیں، کیا آپ کو مقامی پولیس فورس پر اعتماد ہے؟
• کیا آپ جس شہر یا علاقے میں رہتے ہیں، وہاں رات کو اکیلے چلنے میں محفوظ محسوس کرتے ہیں؟
• پچھلے 12 مہینوں کے اندر، کیا آپ کے یا گھر کے کسی دوسرے فرد سے رقم یا جائیداد چوری ہوئی ہے؟
• پچھلے 12 مہینوں کے اندر، کیا آپ پر حملہ کیا گیا ہے یا آپ کو چھینا گیا ہے؟

بتایا گیا ہے کہ 2021ء گلوبل لاء اینڈ آرڈر رپورٹ 2020ء میں کیے گئے 115 ممالک اور علاقوں سے تعلق رکھنے والے 1 لاکھ 20 ہزار سے زیادہ بالغوں کے انٹرویوز پر مبنی ہے ، اس کے علاوہ بھی جب بات حفاظت کی ہو تو کئی دیگر رپورٹس نے UAE کو اعلیٰ درجہ دیا ہے ۔

جارج ٹاؤن یونیورسٹی کے حالیہ وومن پیس اینڈ سیکیورٹی انڈیکس سروے کے مطابق خواتین کسی بھی دوسرے ملک کے مقابلے متحدہ عرب امارات میں زیادہ محفوظ محسوس کرتی ہیں ، اس سروے میں شامل 98.5 فیصد خواتین، جن کی عمریں 15 سال یا اس سے زیادہ تھیں، انہوں نے کہا کہ وہ رات کو اکیلے چلنے میں محفوظ محسوس کرتی ہیں۔ گلوبل فنانس میگزین کے مطابق جولائی میں متحدہ عرب امارات کو دنیا کے 134 ممالک میں دوسرا محفوظ ترین ملک قرار دیا گیا تھا ۔ اسی طرح اکانومسٹ انٹیلی جنس یونٹ (EIU) کے محفوظ شہروں کے انڈیکس 2021 کے مطابق جولائی میں ابوظہبی اور دبئی کو 2021ء میں مشرق وسطیٰ اور افریقہ کے محفوظ ترین شہروں کے طور پر درجہ دیا گیا تھا۔

WhatsApp
Get Alert