سوشل میڈیا پر دوستی، شادی پھر طلاق، لیاری کے نوجوان کی محبت میں تیونس سے آئی لڑکی تھانے پہنچ گئی


لاہور(قدرت روزنامہ)امریکی خاتون اونیجا اینڈریو رابنسن کی ناکام محبت کی کہانی ابھی پرانی نہیں ہوئی کہ تیونس کی لڑکی کی کراچی میں لو اسٹوری کے افسوسناک انجام کی نئی کہانی سامنے آگئی۔
جنوبی افریقا کے ملک تیونس کے دارالحکومت تیونس کی رہائشی 19 سالہ سندا ایاری نے کراچی کے وومن تھانے پہنچ کر پناہ کی درخواست دی ہے۔ پولیس کے مطابق لڑکی 28 نومبر 2024 کو کراچی آئی، اس کی اولڈ سٹی ایریا کے علاقے نیا آباد کھڈا مارکیٹ لیاری کے رہائشی محمد عامر سے سوشل میڈیا پر دوستی ہوئی۔
محبت میں مبتلا دونوں نے شادی کا فیصلہ کیا جس کیلئے سندا پاکستانی ویزا حاصل کرکے کراچی پہنچ گئی۔اسے عامر اور دیگر نے کراچی ائیرپورٹ سے ریسیو کیا اور اگلے ہی دن عامر کے اہلخانہ نے ایک تقریب میں دونوں کی شادی کرادی۔
خاتون کے مطابق شادی کے بعد وہ خوش و خرم رہے، چند ماہ قبل دونوں میں معمولی باتوں پر تلخیاں پیدا ہونا شروع ہوئیں جس کے بعد عامر نے اسے طلاق دے دی۔لڑکی کے مطابق وہ اب اپنے وطن واپس جانا چاہتی ہے۔ ریکارڈ کے مطابق سندا کا پاکستان کا 90 دن کا ویزا 18 فروری کو زائد المیعاد ہو چکا ہے، ویزے کی تجدید یا ایگزٹ پرمٹ کے بغیر وہ واپس نہیں جا سکتی۔
ویزا کی تجدید کے لگ بھگ 400 امریکی ڈالر اور سوا دو لاکھ سے زائد کی ہوائی ٹکٹ کے انتظام کا بھی لڑکی پر بوجھ ہے۔وومن پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی نے لڑکے کے خلاف بدسلوکی کی شکایت نہیں کی، اسے پناہ دے دی ہے۔
پولیس کے مطابق لڑکے کو تھانے بلوایا تھا، اس نے بیوی کو طلاق دینے کا بتایا اور چلا گیا، مزید بات چیت کیلئے لڑکے کو فون کیا تو موبائل فون بند ہے۔

WhatsApp
Get Alert