عاصم کو کبھی اُس کے والد سے ملنے سے نہیں روکا: گُلِ رعنا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ گلِ رعنا نے کہا ہے کہ اُنہوں نے کبھی اپنے بیٹے عاصم اظہر کو اُن کے والد سے ملنے سے نہیں روکا۔گزشتہ دنوں گُلِ رعنا کی جانب سے ایک ویب شو کے لیے اپنا انٹرویو ریکارڈ کروایا گیا جس میں انہوں نے اپنے طلاق کے بعد کے تجربات اور مسائل کے ساتھ ساتھ ان پر قابو پانے کے بارے میں گفتگو کی۔گُلِ رعنا نے انکشاف کیا کہ اپنے بیٹے عاصم اظہر کو اکیلی ماں کے طور پر پالنا ان کی سب سے بڑی مشکل رہی ہے، وہ تسلیم کرتی ہیں کہ یہ کوئی آسان کام نہیں تھا لیکن کسی کام کے لیے پشیمان ہونا بے معنی ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ ’ہمیں اپنے بچوں میں نفرت کو منتقل نہیں کرنا چاہیے اور ان کی زندگی اور شخصیت کو برباد نہیں کرنا چاہیئے۔‘اُنہوں نے اپنے انٹرویو میں یہ بھی کہا کہ ’اپنی پسند یا ناپسند کو بچے پر مسلط کرنا مناسب نہیں ہے۔‘گُلِ رعنا نے کہا کہ ’میں اپنے بیٹے کی ایک آنٹی کو کریڈٹ دینا چاہتی ہوں کیونکہ اُنہوں نے ایک بار مجھ سے کہا تھا کہ عاصم کے ساتھ ہمارے تعلقات کبھی نہیں بدل سکتے اور یہ بات میرے دل کو چُھو گئی۔‘
اداکارہ نے مزید کہا کہ ’میں نے عاصم کو ان کے والد سے ملنے سے کبھی نہیں روکا کیونکہ ان کے والد کے ساتھ ان کا رشتہ کبھی ختم یا بدل نہیں سکتا۔‘واضح رہے کہ گُلِ رعنا پاکستان کے کئی ڈراموں میں کام کرچکی ہیں جبکہ اُن کے بیٹے عاصم اظہر میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار ہیں۔