گھر سے بھاگے دو نوعمر بچوں کو موٹروے پولیس نے باحفاظت گھر پہنچا دیا

چارسدہ (قدرت روزنامہ)چارسدہ میں گھر سے ناراض ہو کر بھاگنے والے دو کم عمر بچوں کو نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس نے بحفاظت گھر پہنچا دیا۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق 8 سالہ شعیب اور 9 سالہ اسماعیل کو موٹروے پولیس کی ​پیٹرولنگ ٹیم نے کرنل شیر خان انٹرچینج کے قریب سڑک کے کنارے دیکھا۔

گھر سے بھاگے دو نوعمر بچوں کو موٹروے پولیس نے باحفاظت گھر پہنچا دیا
بچوں سے معلومات لی گئیں تو وہ تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔ شک کی بنیاد پر بچوں سے ان کے والد کا فون نمبر لے کر رابطہ کیا گیا تو پتہ چلا کہ دونوں بچے چارسدہ کے رہائشی ہیں اور گھر سے ناراض ہو کر چلے گئے ہیں جنہیں گھر والے تلاش کررہے تھے۔

معاملے کا پتہ چلتے ہی موٹروے پولیس نے دونوں بچوں کو حفاظتی تحویل میں لے لیا، بعد ازاں بچے کے والد موقع پر پہنچے اور قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد دونوں بچوں کو ان کے حوالے کر دیا گیا۔ اس موقع پر بچوں کے والد نے موٹروے پولیس کا شکریہ ادا کیا۔