سیاحت کا شوق؟ پاکستانیوں کیلئے ہوا تھائی لینڈ کا ویزا آسان، مکمل تفصیلات

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)تھائی لینڈ کے خوبصورت ساحلوں، بھرپور ثقافت اور تاریخی مقامات سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں، تو سفر سے قبل ویزا کا حصول اب نہ صرف لازمی ہے بلکہ آسان بھی بنا دیا گیا ہے۔
پاکستانی سیاحوں کے لیے تھائی لینڈ نے ای ویزا سسٹم متعارف کروا دیا ہے جس سے اب سفارت خانے کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں رہی۔
یہ سہولت یکم جنوری 2025 سے باضابطہ طور پر فعال ہو چکی ہے، جس کے تحت پاکستان اور افغانستان میں موجود تمام غیر ملکی شہری آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے ویزا کی درخواست دے سکتے ہیں۔
ویزا کے لیے درخواست دہندگان کو تھائی حکومت کی ویب سائٹ www.thaievisa.go.th پر جا کر درخواست فارم جمع کرانا ہوگا۔
ای ویزا کی منظوری کے بعد، مسافر کو ایک کنفرمیشن ای میل موصول ہوتی ہے جس کا پرنٹ ایئرپورٹ اور تھائی لینڈ کے امیگریشن پوائنٹ پر پیش کرنا ضروری ہوگا۔
تھائی وزٹ ویزا کے لیے درج ذیل شرائط پوری کرنا ضروری ہیں جس میں آخری 6 ماہ کی بینک اسٹیٹمنٹ (کم از کم بیلنس 3,50,000 روپے فی فرد) جبکہ ویزا فیس کنفرم ٹکٹ کے ساتھ: 19,500 روپے اور کنفرم ٹکٹ کے بغیر ویزا فیس: 27,900 روپے ہے۔
تھائی لینڈ کے یہ نئے ویزا ضوابط سیاحوں کے لیے سہولت اور شفافیت کا ایک نیا باب کھول رہے ہیں، تاہم یہ بھی واضح پیغام ہے کہ بنا ویزا سفر کا ارادہ ترک کر دیا جائے۔