گوگل میپ کے دکھائے راستے پر جانے والی گاڑی نالے میں جاگری

ممبئی(قدرت روزنامہ)بھارت میں گوگل میپ کے بتائے راستے پر اندھا اعتماد کرکے جانے اور نقصان اٹھانے کا ایک اور واقعہ سامنا آیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ ممبئی میں گوگل میپ کے دکھائے راستے پر جانے والی ایک گاڑی نالے میں جاگری تاہم گاڑی چلانے والی خاتون ڈرائیور کو ریسکیو کرلیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق گوگل میپ نے بیلاپور میں واقع بے بریج کے نیچے کا راستہ دکھایا مگر اصل راستہ پل کے اوپر سے تھا جس کے باعث گاڑی نالے میں جاگری۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ حادثے کے بعد وہاں موجود افراد اور ریسکیو اہلکاروں نے خاتون کو بچایا جبکہ بعد ازاں کرین کی مدد سے ان کی گاڑی کو بھی نالے سے باہر نکالا گیا۔
خیال رہا گوگل میپ پر اندھا اعتماد کرتے ہوئے حادثے کے شکار ہوجانے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے اور اس طرح کے متعدد واقعات اس سے قبل بھی رپورٹ ہوچکے ہیں۔
گزشتہ سال نومبر میں بھارت میں ہی گوگل میپ کے بتائے گئے راستے پر سفر کرنے والی گاڑی ایک زیر تعمیر پل سے گر گئی تھی جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
