اماراتی بلے باز آصف خان نے پاکستان سے شکست کی وجہ اپنی ٹیم کی ناتجربہ کاری قرار دیدی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)متحدہ عرب امارات کے جارحانہ مزاج مڈل آرڈر بلے باز آصف خان نے پاکستانی ٹیم سے شکست کی وجہ اپنی ٹیم کی ناتجربہ کاری قرار دیدی۔
شارجہ میں پاکستانی ٹیم سے شکست کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیم کی نا تجربہ کاری کے باعث شکست ہوئی ورنہ نتیجہ مختلف ہو سکتا تھا، انہوں نے کہا کہ ہم نے بڑی ٹیموں کو ویک اپ کال دی ہے اور ایشیا کپ کےلیے پراعتماد ہیں۔
پاکستان کے خلاف 35 گیندوں پر 77 رنز کی شاندار اننگ کھیلنے کے بعد ان کا کہنا تھا کہ ہمارا پلان آخری اوورز میں پاور ہٹنگ کا تھا، اس پر عمل کیا لیکن پاکستان کی بولنگ نے ہماری منصوبہ بندی کامیاب نہیں ہونے دی ۔
آصف خان نے اماراتی کپتان محمد وسیم کی اننگ کو بھی سراہا لیکن محمد وسیم کے رن آؤٹ کو نقصان دہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ شارجہ ہمارا ہوم گراؤنڈ ہے اور اس نے ہمیں سپورٹ کیا، ہم نے پچھلے ہفتوں میں بھرپور ٹریننگ کی، اس کا پھل ضرور ملے گا۔
آصف خان کا کہنا تھا کہ اماراتی کرکٹ ٹیم کی اصل طاقت ٹی 20 فارمیٹ میں ہے اور اگر بالنگ کے ذریعے حریف کو 170 یا 180 رنز تک محدود کر لیں تو جیت کے امکانات روشن ہیں۔
آصف خان 1990 میں لاہور میں پیدا ہوئے اور وہ 2007 سے 2014 تک 32 فرسٹ کلاس میچ کھیل چکے ہیں۔
یاد رہے کہ 3 ملکی سیریز کے دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو 31 رنز سے شکست دی ہے۔
گزشتہ روز شارجہ میں کھیلےگئے میچ میں پاکستان نے یو اے ای کو میچ جیتنےکے لیے 208 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں اماراتی ٹیم 20 اوور میں 8 وکٹ کے نقصان پر 176 رنز بناسکی۔

WhatsApp
Get Alert