کوئٹہ،سریاب روڈ دھماکے میں 15افراد جاں بحق، سی ٹی ڈی نے مقدمہ درج کرلیا

کوئٹہ(قدرت روزنامہ )سریاب روڈ دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 15 تک جا پہنچی ہے کاونٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) بلوچستان کے ترجمان کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ترجمان نے بتایا کہ شاہوانی اسٹیڈیم کے سامنے ہونے والے خودکش دھماکے کا مقدمہ قتل، اقدامِ قتل اور انسدادِ دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے، جس میں نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ کاونٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) بلوچستان کے ترجمان نے بتایا ہے کہ سریاب روڈ دھماکے میں ملوث خودکش حملہ آور کی لاش کے باقیات قبضے میں لے لیے گئے ہیں، جنہیں فارنزک ٹیسٹ کے لیے بھیجا جا رہا ہے۔ فارنزک رپورٹ حملہ آور کی شناخت میں مددگار ہوگی بلوچستان نیشنل پارٹی کے جلسے کے بعد ہونے والے خودکش دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 15 ہوگئی ہے۔ مرنے والوں کا تعلق کوئٹہ، چاغی، نوشکی اور خاران سمیت صوبے کے مختلف علاقوں سے بتایا جا رہا ہے، جن کی میتیں آبائی علاقوں کو روانہ کر دی گئی ہیں۔ بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات آغا حسن بلوچ نے کہا ہے کہ کوئٹہ دھماکے میں پارٹی کے 15 کارکن جاں بحق جبکہ 70 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس حملے کا مقصد صوبے کی حقیقی قیادت کو نشانہ بنانا تھا۔ آغا حسن بلوچ کے مطابق صوبے کی تمام بڑی جماعتوں کا مشترکہ اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ ترجمان ٹراما سینٹر سول ہسپتال ڈاکٹر وسیم بیگ نے کہا ہے کہ سریاب دھماکے میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کی میتیں ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ ان کے مطابق جاں بحق افراد کا تعلق کوئٹہ کے علاوہ نوشکی، دالبندین، قلات اور خضدار سمیت مختلف علاقوں سے تھا، جبکہ ایک جاں بحق شخص کی میت سندھ کے علاقے سانگھڑ روانہ کی گئی ہے۔
