تبدیلی کا ایک اور شاخسانہ،ملک بھر میں یوٹیلیٹی اسٹورز بند۔۔عوام سے سستے راشن کی سہولت بھی چھین لی گئی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) ملک بھر میں یوٹیلٹی اسٹورز کو بند کرنے کی تجویز دے دی گئی، پبلک اکاوٴنٹس کمیٹی اجلاس کے دوران اراکین پارلیمنٹ کی جانب سے یوٹیلٹی اسٹورز کے ادارے سے متعلق سخت ریمارکس دیے گئے، ایف آئی اے سے یوٹیلٹی سٹورز کی تحقیقات کی رپورٹ 10 دنوں میں طلب کر لی گئی۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز پبلک اکاوٴنٹس کمیٹی کا اجلاس کے دوران کمیٹی کے اراکین کی جانب سے یوٹیلٹی اسٹورز کے ادارے کو آڑے ہاتھوں لیا گیا، جبکہ بیوروکریسی پر بھی شدید تنقید کی گئی۔چیئرمین کمیٹی رانا تنویر نے کہا کہ یوٹیلٹی سٹورز نے ارکان پارلیمنٹ اور عوام کو بیوقوف بنا رکھا ہے، یوٹیلٹی اسٹورز پر دنیا کا سب سے غیرمعیاری گھی فروخت ہو رہا ہے

جبکہ اشیا کی خریدوفروخت میں اربوں روپے کی کرپشن کی جا رہی ہے۔کورونا فنڈز میں یوٹیلٹی اسٹورز کو 50 ارب میں 10 ارب جاری کیے گئے جبکہ سیکرٹری وزارت خزانہ ایسا نااہل آدمی اس کو کچھ معلوم ہی نہیں۔اس دوران خواجہ آصف نے کہا کہ غیرمعیاری اشیا کی فروخت کا کام سیکرٹری صنعت وپیداوار کی ناک تلے ہو رہا ہے، ملک کی ناکامی کی وجہ بیوروکریسی ہے، بیوروکریسی نے ملک کا بیڑا غرق کیا، سیکرٹری وزارت صنعت وپیداوار کو کرپشن کے پیسے ملتے ہیں، ایف آئی اے میں یوٹیلٹی سٹورز کی تحقیقات تاحال یونہی پڑی ہے۔ کمیٹی میں شامل حکمراں جماعت کے رکن قومی اسمبلی نور عالم خان نے کہا کہ یوٹیلٹی اسٹورز پر دستیاب اشیائے خوردونوش پکانے سے بھی نہیں پکتی۔ بعد ازاں پبلک اکاوٴنٹس کمیٹی نے یوٹیلٹی اسٹورز کو مکمل طور ختم کرنے کی تجویز دی اور ایف آئی اے سے یوٹیلٹی سٹورز کی تحقیقات کی رپورٹ 10 دنوں میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔