بھارت کی معروف خاتون سیاستدان شاہ رخ خان کے حق میں بول پڑیں

نئی دہلی (قدرت روزنامہ) بھارتی ریاست مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بینرجی نے اعتراف کیا ہے کہ شاہ رخ خان کو منشیات کیس میں جان بوجھ کر نشانہ بنایا گیا ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بینرجی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بالی وڈ کے ممتاز اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو منشیات کیس میں گرفتار کرکے بلاوجہ معاملے کو طول دیا گیا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں شوبز انڈسٹری کی شخصیات کو کئی بار جان بوجھ کر نشانہ بنایا گیا ہے اور اس مرتبہ شاہ رخ خان کو فوکس کیا گیا ۔
پورٹس کے مطابق ممتابینرجی نے یہ بیان ممبئی میں اپنے تین روزہ دورے کے دوران ایک عوامی پلیٹ فارم پر دیتے ہوئے کہا کہ میں جانتی ہوں مہیش بھٹ کو نشانہ بنایا گیا، شاہ رخ خان کو نشانہ بنایا گیا اور بھی کئی نام ہیں۔
ممتا بینرجی کا کہنا تھا کہ بھارت طاقت کے استعمال پر نہیں بلکہ افرادی قوت کے استعمال پر یقین رکھتا ہے۔ بدقسمتی سے ہمیں بی جے پی کے ظالمانہ، غیر جمہوری اور غیر اخلاقی رویئے کا سامنا ہے ۔یاد رہے کہ معروف بھارتی سیاستدان ممتابینرجی شاہ رخ خان کی منہ بولی بہن بنی ہوئی ہیں ۔ دونوں کے درمیان مضبوط رشتہ ہے۔ شاہ رخ، ممتابینرجی کو اپنی بہن مانتے اور انہیں ’’دیدی‘‘ کہتے ہیں جب کہ ممتابینرجی بھی کنگ خان کو اپنا بھائی کہتی ہیں ۔
واضح رہے کہ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو کروزپارٹی کے دوران گرفتار کرلیا گیا تھا اور اس پر منشیات رکھنے اور استعمال کرنے کا الزام عائد کرکے ایک ماہ تک جیل میں رکھا گیا تھا کئی بار ضمانت مسترد ہونے کے بعد ممبئی ہائی کورٹ سے آریان خان کی ضمانت منظور ہوئی تھی ۔