کوئٹہ: تھیلیسیمیا کے مریضوں کیلئے امید کی نئی کرن، سلیم شہید تھیلیسیمیا سینٹر کا افتتاح


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان میں تھیلیسیمیا کے مریضوں اور ان کے اہل خانہ کے لیے ایک بڑی خوشخبری ہے جہاں آج الخدمت ہسپتال بروری روڈ پر عمیر ثنا فاؤنڈیشن کے تعاون سے قائم کردہ جدید ”سلیم شہید تھیلیسیمیا سینٹر“ کا باضابطہ افتتاح کر دیا گیا ہے۔ یہ مرکز خون کی کمی اور تھیلیسیمیا میں مبتلا مریضوں کو مفت اور فوری خون کی فراہمی یقینی بنائے گا۔
افتتاحی تقریب کے موقع پر عمیر ثنا فاؤنڈیشن کے ایک نمائندہ وفد نے ڈاکٹر سید راحت حسین کی قیادت میں الخدمت ہسپتال کا دورہ کیا۔ وفد کو نئے قائم شدہ تھیلیسیمیا سینٹر اور بلڈ بینک کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ہسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ عمیر ثنا فاؤنڈیشن کی فراخدلانہ معاونت سے اس مرکز کا قیام ممکن ہوا ہے۔ آج سے ہی مرکز کے لیے ڈاکٹروں اور نرسوں کی بھرتی کے لیے انٹرویوز کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے تاکہ اسے جلد از جلد مکمل طور پر فعال کیا جا سکے۔
یہ مرکز مکمل طور پر کام شروع کرنے کے بعد نہ صرف کوئٹہ بلکہ بلوچستان بھر سے آنے والے ایسے مریضوں، خاص طور پر بچوں، کو زندگی کی امید دے گا جو خون کی کمی اور تھیلیسیمیا جیسی موذی بیماری کا شکار ہیں۔ مرکز میں مریضوں کو مفت اور بروقت خون کی فراہمی کے لیے جدید ترین سہولیات اور ایک مکمل بلڈ بینک بھی قائم کیا گیا ہے، جس سے کمیونٹی کی ایک بڑی ضرورت پوری ہوگی۔

WhatsApp
Get Alert