ایئر پنجاب کی تیاری حتمی مراحل میں داخل، پہلی پرواز مارچ 2026 میں لاہور سے اسلام آباد روانہ ہوگی
وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر منصوبے پر عملدرآمد تیز، 6 جدید طیارے لیز پر حاصل کیے جائیں گے

لاہور (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبائی سطح پر ہوابازی کے شعبے میں ایک تاریخی پیش رفت کرتے ہوئے “ایئر پنجاب” منصوبے کو حتمی مراحل میں پہنچا دیا ہے۔ وزیراعلیٰ کی زیرصدارت لاہور میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں منصوبے پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جہاں ابتدائی طور پر لاہور سے اسلام آباد کے فلائٹ روٹ کو منظوری دی گئی۔
حکومتی ذرائع کے مطابق ایئر پنجاب کے پہلے مرحلے میں 6 جدید اور آرام دہ طیارے لیز پر حاصل کیے جائیں گے۔ ابتدائی طور پر اندرونِ ملک پروازوں کا آغاز کیا جائے گا، جب کہ آئندہ مرحلے میں بین الاقوامی پروازیں شروع کرنے کا بھی منصوبہ ہے۔ ذرائع کے مطابق ایئر پنجاب کی پہلی پرواز مارچ 2026 میں لاہور سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز منصوبے کی براہِ راست نگرانی کر رہی ہیں اور انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ ایئر پنجاب کے لیے عملے کی بھرتیاں مکمل طور پر میرٹ پر کی جائیں۔ بھرتیوں کے عمل میں تجربہ کار فضائی ماہرین اور پیشہ ورانہ صلاحیت رکھنے والے افراد کو شامل کیا جا رہا ہے۔
ایئر پنجاب منصوبہ دراصل صوبائی حکومت کی ایک طویل المدتی حکمتِ عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد شہریوں کو سستی، محفوظ اور معیاری فضائی سہولت فراہم کرنا ہے۔ یہ منصوبہ صوبے میں معاشی سرگرمیوں، سیاحت اور روزگار کے مواقع بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
سابق وزیراعظم نواز شریف نے بھی اس منصوبے کی حمایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ “میں نے مریم نواز کو مشورہ دیا کہ وہ ایسی نئی ایئرلائن شروع کریں جو دنیا کے ہر حصے میں پنجاب کا نام روشن کرے۔”
حکومتی ذرائع کے مطابق منصوبے پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے اور توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ ایئر پنجاب نہ صرف صوبے بلکہ پورے ملک کے ہوابازی کے شعبے کے لیے ایک نیا سنگِ میل ثابت ہوگی۔
