کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے زاہدان فلائٹ کا آغاز، پاکستان اور ایران کے درمیان فضائی رابطوں کے نئے دور کا آغاز

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر انٹرنیشنل فلائٹس کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگیا ہے جس کے تحت زاہدان اور کوئٹہ اب فضائی طور پر منسلک ہو چکے ہیں۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ اب ایران سے آگے ترکی اور وسطی ایشیائی ممالک تک فضائی وسعت دی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران خطے کے دو مضبوط مسلم ممالک ہیں، ایک نے بھارت جبکہ دوسرے نے اسرائیل کو عبرتناک شکست دی۔ گورنر نے مزید کہا کہ کچھ عرصہ قبل کوئٹہ ایئرپورٹ سے سعودی عرب کے لیے عمرہ فلائٹ کا افتتاح کیا گیا تھا جبکہ آج زاہدان ٹو کوئٹہ فلائٹ کا آغاز خطے میں روابط کے فروغ کی نئی سمت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میری خواہش ہے کہ کوئٹہ کے بین الاقوامی پروازوں کے نیٹ ورک کو مزید ممالک تک وسعت دی جائے تاکہ بلوچستان کے عوام آسان اور قابلِ رسائی ہوائی سفری سہولیات سے لطف اندوز ہوں۔ اس اقدام سے کوئٹہ کو خطے کا تجارتی، سیاحتی اور اقتصادی مرکز بنایا جا سکتا ہے۔
گورنر بلوچستان نے کہا کہ زاہدان ٹو کوئٹہ خصوصی فلائٹ کا آغاز ایک لائق تحسین قدم ہے جس سے زائرین اور مسافروں کو ایران اور عراق کے لیے زمینی سفر کی مشکلات سے نجات ملے گی۔
تقریب میں ایرانی قونصل جنرل محمد کریمی تودشکی، صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، پارلیمانی سیکرٹری حاجی برکت رند، رابعہ خواجہ خیل اور کوئٹہ چیمبر آف کامرس کے نمائندے بھی شریک تھے۔ تقریب کے اختتام پر مہمانانِ گرامی کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔
