اربوں روپے سے بنا کوئٹہ کا نیا ٹراما سینٹر زخمی جج کے علاج میں ناکام یا پھر حکومت بلوچستان کا اپنے ہی ادارے پر عدم اعتماد؟ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر زخمی ایڈیشنل سیشن جج طارق لاشاری سی ایم ایچ منتقل

کوئٹہ (ڈیلی قدرت) اربوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والا کوئٹہ کا نیا ٹراما سینٹر (Shaheed Benazir Bhutto Trauma & Emergency Institute) مستونگ واقعے میں زخمی ہونے والے جج کا علاج نہ کر سکا، جس پر یہ سوالات جنم لے رہے ہیں کہ کیا حکومت کا خود ہی اپنے اربوں روپے کے منصوبے پر عدم اعتماد ہے؟
معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر مستونگ دہشت گردی کے واقعے میں زخمی ہونے والے ایڈیشنل سیشن جج طارق لاشاری کو فوری طور پر سی ایم ایچ (CMH) منتقل کر دیا گیا ہے۔
شاہد رند نے بتایا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے زخمی ایڈیشنل سیشن جج کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی خصوصی ہدایت کی ہے۔ ان کے علاج معالجے کے تمام اخراجات حکومت بلوچستان برداشت کرے گی۔
معاون وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ حکومت بلوچستان زخمی ایڈیشنل سیشن جج کی جلد صحت یابی کے لیے تمام ضروری اقدامات یقینی بنا رہی ہے اور حکومت مشکل کی اس گھڑی میں عدلیہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔
