صحافیوں کے خلاف جرائم کا خاتمہ: محفوظ صحافت جمہوری معاشرے کی بنیاد ہے: وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی

صحافیوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح، انہیں آزادانہ کام کا محفوظ ماحول فراہم کیا جائے گا اختلاف رائے جمہوری معاشروں کی خوبصورتی ہے، تشدد اور دباؤ کی کوئی گنجائش نہیں: وزیر اعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ( ڈیلی قدرت کوئٹہ ) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن (2 نومبر) کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آزاد، ذمہ دار اور محفوظ صحافت جمہوری معاشرے کی بنیاد ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحافی حقائق اجاگر کرنے، عوامی شعور بیدار کرنے اور معاشرے کی رہنمائی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے ان کے تحفظ کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان حکومت اس بات پر پُرعزم ہے کہ صحافی برادری کو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں آزادانہ طور پر انجام دینے کے لیے محفوظ ماحول فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صحافیوں کی سکیورٹی، فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔

میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ کسی بھی مہذب معاشرے میں صحافیوں کے خلاف تشدد، دھمکی یا دباؤ کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ “اختلافِ رائے جمہوری معاشروں کی خوبصورتی ہے اور صحافت کی آزادی کو ہمیشہ احترام کے ساتھ برقرار رکھنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔” وزیر اعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ بلوچستان کے صحافی پیشہ ورانہ دیانت، غیر جانبداری اور عوامی مفاد کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔

WhatsApp
Get Alert