سپریم کورٹ کی بیسمنٹ کینٹین میں گیس دھماکا، 12 افراد زخمی،2 کی حالت تشویشناک

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سپریم کورٹ کی بیسمنٹ کینٹین میں اے سی گیس کا دھماکا ہوا ، جس میں 12 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے 2 کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں سپریم کورٹ کی بیسمنٹ کینٹین میں اے سی گیس دھماکا ہوا ہے، جس میں 12 افراد زخمی ہوئے، جنہیں فوری طبی امداد کےقریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق زخمیوں کے فوری علاج کے لیے امدادی کارروائی جاری ہے جب کہ سیکورٹی اور امدادی اہل کار جائے وقوع پر پہنچ گئے ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکا اے سی گیس پلانٹ میں ہوا، جس سے سپریم کورٹ کی عمارت لرز اٹھی۔ ابتدائی طور پر 4 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی تھی، تاہم بعد میں زخمیوں کی تعداد زیادہ بتائی گئی۔ دھماکے کے فوراً بعد وکلا اور سپریم کورٹ کا عملہ عمارت کے باہر کھلی جگہ پر نکل آئے۔

بعد ازاں آئی جی اسلام آباد بھی سپریم کورٹ پہنچے جب کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بھی متاثرہ عمارت کی اسکریننگ مکمل کی۔

بعد ازاں آئی جی اسلام آباد نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 10 بج کر 55 منٹ پر سپریم کورٹ کینٹین میں اے سی گیس کا دھماکا ہوا، جس میں 12 افراد زخمی ہوئے۔ 3 پمز اسپتال اور 9 افراد پولی کلینک لائے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ 2 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ کینٹین میں کئی روز سے گیس کا لیکیج ہورہا تھا۔ اے سی کی مرمت کے دوران دھماکا ہوگیا۔ ماہرین نے بھی کلیئر کر دیا ہے کہ گیس دھماکا ہوا ہے۔ اے سی ٹیکنیشن زیادہ زخمی ہیں جب کہ ایک ٹیکنیشن کا 80 فیصد جسم جھلس گیا ہے۔

WhatsApp
Get Alert