زیدان اقبال مانچسٹر یونائیٹڈ کے پہلےپاکستانی نژاد فٹبالربن گئے

مانچسٹر (قدرت روزنامہ)زیدان اقبال مانچسٹر یونائیٹڈ کی سینیئر ٹیم کے لیے کھیلنے والے پہلے جنوبی ایشیائی اور پاکستانی نژاد فٹبالر بن گئے۔مانچسٹر یونائیٹڈ کی نمائندگی کرنے والے زیدان اقبال مانچسٹر کے علاقےودنگٹن سے ہیں۔ ان کے والد پاکستانی اور والدہ عراقی ہیں۔
مانچسٹر یونائیٹڈ کے مینیجر رالف ریگنک نے سوئٹزر لینڈ کی ٹیم ینگ بوائز کے خلاف اولڈ ٹریفورڈ کے میدان پر نئے کھلاڑیوں کا موقع دیا جن میں زیدان اقبال بھی شامل تھے۔ یہ میچ ایک، ایک گول سے برابر رہا۔
مڈفیلڈر کی حیثیت سے کھیلنے والے زیدان اقبال کم عمری سے مانچسٹر یونائیٹڈ سے منسلک ہیں مگر انہوں نے اپنا پہلا پروفیشنل کنٹریکٹ اپریل میں کیاتھا۔
سینیئر لیول پر کھیلنے سے قبل زیدان اقبال نے یونائیٹڈ کی ٹیم یو 18 اور یو23 کی بھی نمائندگی کی ہے۔وہ انگلینڈ، عراق یا پاکستان کے لیے کھیلنے کے اہل ہو سکتے ہیں۔ رواں برس کے آغاز میں اس نوجوان فٹبالر نے دوستانہ میچز میں عراق کی یو 23 کی نمائندگی کی۔
زیدان اقبال نے ٹوئٹر پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اولڈ ٹریفورڈ میں اپنا پیشہ ورانہ آغاز کرنا ناقابل یقین احساس ہے۔


میں اس کلب کو سپورٹ کرتے ہوئے بڑا ہوا ہوں اور چیمپئنز لیگ میں مانچسٹر یونائیٹڈ کی نمائندگی کرنا ایک ناقابل یقین اعزاز ہے۔ یہ میرے خاندان، دوستوں اور کوچز کے بغیر ممکن نہیں تھادوسری جانب سوشل میڈیا پر بھی زیدان اقبال کو مانچسٹر یونائیٹڈکا حصہ بننے پر مبارکباد دی جا رہی ہے۔
حالیہ اعداد و شمار کے مطابق برطانیہ کی آبادی کا سات فیصد ہونے کے باوجود ایشیائی نژاد لوگوں کے نمائندگی پروفیشنل فٹبالرز میں صرف0.25فیصد ہی ہے۔