بلوچستان کی قومی شاہراہوں پر پبلک ٹوائلٹس کی عدم دستیابی، خواتین اور بچوں کو شدید اذیت، فوزیہ شاہین و دیگر کا ہائی کورٹ سے رجوع

کوئٹہ (ڈیلی قدرت) بلوچستان کی قومی شاہرائوں پر پبلک لیٹرین نہ ہونے پر خواتین اور بچوں سمیت مسافروں کو شدیدمشکلات کے پیش نظر خواتین سماجی کارکنوں نے بلوچستان ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا ، بلوچستان ہائی کورٹ میں سابق چیئر پرسن بلوچستان کمیشن آن اسٹیٹس آف وویمن فوزیہ شاہین ، کلثوم ، قرۃ العین محمود نے درخواست دائر کی ہے کہ جس میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان کی قومی شاہرائوں این 10،این 25، این 30، این 40 سمیت دیگر اہم شاہرائوں پر روزانہ مسافروں کی بڑی تعداد سفر کرتی ہے تاہم ان شاہرائوں پر پبلک ٹوائلٹس کا فقدان ہے جس سے خواتین، بچوں، بزرگروں ، خصوصی افراد کو شدید مشکلات درپیش ہوتی ہیں جبکہ خواتین کو انتہائی اذیت اور عار محسوس ہوتی ہے ۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ متعدد بار شکایات درج کرنے ، میڈیا رپورٹس کے باوجود اس سنگین مسئلے کو حل نہیں کیا گیا لہذا عدالت عالیہ سے گزارش کی جاتی ہے کہ درخواست کو قابل سماعت قراردیکر احکامات صادر کیے گئے ۔ آئینی درخواست میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات، این ایچ اے، سیکرٹری مواصلات و تعمیرات سمیت دیگر متعلقہ حکام کو فریق بنایا گیا ہے ۔ درخواست پر سماعت رواں ہفتے منگل کو متوقع ہے ۔
