صوبے میں بجلی کی فراہمی کا نظام مکمل طور پر مفلوج ہوچکا ہے، میرضیاء اللہ لانگو
بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی ترجمان نے کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں بدترین اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر شدید برہمی اور گہری تشویش کا اظہار

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی ترجمان نے کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں بدترین اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر شدید برہمی اور گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی مسلسل بندش کا فوری اور سنجیدہ نوٹس لیا جائے۔
اپنے جاری کردہ بیان میں بی اے پی کے مرکزی ترجمان سابق وزیرداخلہ میرضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ صوبے میں بجلی کی فراہمی کا نظام مکمل طور پر مفلوج ہوچکا ہےمعمولی بارش کے بعد دو دو دن تک بجلی کا غائب ہوجانا معمول بن چکا ہے، جس کے باعث عوام شدید ذہنی کوفت، اذیت اور مشکلات سے دوچار ہیں انہوں نے کہا کہ بارانِ رحمت عوام کے لیے زحمت میں بدل چکی ہے، بارش کی چند بوندیں برستے ہی کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں مکمل بلیک آؤٹ ہوجاتا ہے۔
مرکزی ترجمان نے کہا کہ بجلی کی بندش کے باعث گھریلو امور، کاروباری سرگرمیاں، تعلیمی ادارے اور دفتری نظام بری طرح متاثر ہوکر رہ گئے ہیں، جبکہ کیسکو کی کارکردگی سوالیہ نشان بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی بندش کے دوران کیسکو کے افسران اور عملہ منظر سے غائب دکھائی دیتا ہے اور کسی قسم کی جوابدہی موجود نہیں انہوں نے مزید کہا کہ عام دنوں میں بھی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ عوام کے لیے عذاب بن چکی ہے۔
صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ وفاقی حکومت اور وفاقی وزیر برائے توانائی و بجلی سے فوری رابطہ کرکے بلوچستان میں بجلی کے بحران کے مستقل حل کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات یقینی بنائے، تاکہ عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔
