فارم 47 کی جماعتوں نے عوامی راستہ روکا، 100 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہونے کے باوجود الیکشن ملتوی کرنا غیر آئینی ہے: ایچ ڈی پی
بقیہ بلوچستان میں 2017 کی مردم شماری پر الیکشن ہوئے تو کوئٹہ میں جواز کیوں نہیں؟ عدالت عظمیٰ سے رجوع کریں گے: مرکزی بیان

کوئٹہ( ڈیلی قدرت کوئٹہ)ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے مر کزی بیان میں بلدیاتی انتخابات کے التوا پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ جب تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے ایک ماہ کی مسلسل سیاسی سرگرمیوں کے بعد تمام تیاریاں مکمل ہوچکی تھیں اور سو سے زائد امیدواران بلا مقابلہ منتخب ہوچکے تھے اور انتخابات کو محض تین دن رہ گئے تھے ایسے میں بلدیاتی انتخابات کو ملتوی کرنے کا کوئی جواز نہیں بنتا تھا۔ کوئٹہ کے شہری گزشتہ 10 سال سے بلدیاتی نمائندوں سے محروم ہیں۔الیکشن کمیشن کی مکمل تیاری کے باوجود عوام کو حق نمائندگی سے محروم رکھنا از خود غیر آئینی عمل ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ بعض غیر سنجیدہ اور عوامی اعتماد سے محروم فارم 47 کی جماعتوں نے سیاسی و جمہوری عمل کی راہ میں رکاوٹیں حائل کرکے عوام دشمن کردار ادا کیا۔ ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی عوام کے حق حکمرانی کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور دیگر سیاسی جماعتوں سے ملکر عدالت عظمی سے رجوع کریگی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جب بلوچستان بھر میں بلدیاتی انتخابات 2017 کی مردم شماری کے تحت کرائے گئے تو کوئٹہ میں انتخابات 2023 کی مردم شماری کے تحت کرانے کا جواز کیسے پیدا ہوسکتا ہے۔
