کوئٹہ کے 75 فیڈرز لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار، کیسکو کا بلوچستان بھر کیلئے بجلی کی فراہمی کا نیا شیڈول جاری

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)کیسکو حکام کے مطابق صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں کل 75 فیڈرز کو لوڈشیڈنگ فری قرار دے دیا گیا ہے، جس کے تحت 132KV کوئٹہ سٹی گرڈ اسٹیشن اور 132KV مری آباد گرڈ اسٹیشن سے منسلک تمام فیڈروں پر بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی، جبکہ شہر کے مختلف علاقوں کے 64 فیڈروں پر شیڈول کے مطابق یومیہ 4 سے 6 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے۔
کیسکو کے مطابق صوبے کے دیگر علاقوں میں بھی 78 فیڈرز لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ ہیں جن میں مکران کے علاقوں کے 34 فیڈرز شامل ہیں، اور گوادر کے 4 گرڈ اسٹیشنوں سے منسلک فیڈروں پر بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی ہے۔
مزید برآں، صوبے کے تمام ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز کو مختلف اوقات کار میں یومیہ 16 گھنٹے تک بجلی فراہم کی جاتی ہے، جبکہ بجلی کے ترقیاتی اور مرمتی کام کے سلسلے میں بندش سے متعلق صارفین کو سوشل میڈیا اور ذرائع ابلاغ کے ذریعے پیشگی اطلاع دی جاتی ہے۔
