وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا محکمہ خزانہ میں سب اکاؤنٹنٹ کی آسامیوں کے لئے آن لائن ٹیسٹ میں کامیاب امیدواروں سے ٹیلی فونک رابطہ، امیدواروں سے ٹیسٹنگ کے عمل اور اس کی شفافیت سے متعلق دریافت کیا

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے محکمہ خزانہ میں سب اکاؤنٹنٹ کی آسامیوں کے لیے آن لائن ٹیسٹ کے ذریعے کامیاب ہونے والے امیدواروں سے براہِ راست ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ وزیر اعلیٰ نے گفتگو کے دوران امیدواروں سے ٹیسٹنگ کے عمل اور اس کی شفافیت سے متعلق دریافت کیا۔کامیاب امیدواروں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو آگاہ کیا کہ آن لائن ٹیسٹ اور بھرتی کا پورا عمل مکمل طور پر شفاف، منصفانہ اور میرٹ پر مبنی تھا امیدواروں نے مسرت اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین نہیں آرہا کہ انہیں بغیر کسی سفارش اور رشوت کے سرکاری نوکری ملی ہے امیدواروں نے اس شفاف نظام پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پہلی مرتبہ انہیں یہ احساس ہوا ہے کہ بلوچستان میں بھی خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر روزگار کے مواقع فراہم کیے جا سکتے ہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس موقع پر کہا کہ حکومت کا عزم ہے کہ صوبے میں سرکاری ملازمتوں کے نظام کو مکمل طور پر شفاف بنایا جائے اور سفارش و رشوت کے کلچر کا خاتمہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کا اعتماد بحال کرنا اور انہیں باعزت روزگار فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
