پٹرول پر 127 اور ڈیزل پر 200 روپے سے زائد کی سبسڈی

سرکاری گاڑیاں گراؤنڈ اور وزراء کے دوروں پر پابندی عائد، امیروں پر بوجھ ڈال کر غریبوں کو ریلیف دیں گے، وفاقی وزیر مصدق ملک


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر مصدق ملک نے اہم انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نے عوامی ریلیف کو یقینی بنانے کے لیے پٹرول پر 127 روپے جبکہ ڈیزل پر 200 روپے سے زائد کی خطیر سبسڈی دی ہے اور کسانوں کی سہولت کے پیشِ نظر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ نہیں کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت نے اپنے اخراجات میں نمایاں کمی کرتے ہوئے پٹرول کی بچت کے لیے سرکاری گاڑیوں کو گراؤنڈ کر دیا ہے جبکہ کفایت شعاری مہم کے تحت وزیراعظم نے اپنے غیر ملکی دورے منسوخ اور وفاقی وزراء و مشیروں کے دوروں پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔
مصدق ملک کا مزید کہنا تھا کہ حکومت غریب طبقے کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے جس کے لیے امیر طبقے پر بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔ انہوں نے ایران اور اسرائیل کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال اور علاقائی چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے زور دیا کہ خطے کی اس نازک صورتحال میں ملک کو مشکل وقت سے نکالنے کے لیے ہمیں متحد ہو کر کفایت شعاری کو اپنانا ہوگا تاکہ موجودہ بحرانی کیفیت سے کامیابی سے نکلا جا سکے۔

WhatsApp
Get Alert