ایران کے خلاف جنگ چھیڑنے کا اصل ذمہ دار کون؟ صدر ٹرمپ نے اپنے ہی وزیر دفاع کا نام لے کر سب کو حیران کر دیا

واشنگٹن (ڈیلی قدرت) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف جاری جنگ کی تمام تر ذمہ داری اپنے ہی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ پر ڈالتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ فوجی کارروائی کی حمایت کرنے والے وہ پہلے شخص تھے؛ ریاست ٹینیسی میں ایک گول میز اجلاس کے دوران ٹرمپ نے ہیگستھ کی موجودگی میں براہِ راست انہیں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ “میرا خیال ہے اب آپ ہی بتائیں کیونکہ آپ نے ہی جنگ کا کہا تھا، آپ انہیں جوہری ہتھیار بنانے کی اجازت نہیں دے سکتے تھے۔” یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ٹرمپ انتظامیہ جنگ کی وجوہات پر خود شدید تضاد کا شکار ہے، جہاں کچھ حکام اسرائیل کے ممکنہ حملے کو روکنے کے لیے امریکی شمولیت کو ناگزیر قرار دے رہے ہیں تو کچھ ایران کے ایٹمی پروگرام کو فوری خطرہ بتاتے ہیں، جبکہ دلچسپ امر یہ ہے کہ پیٹ ہیگستھ کو ذمہ دار ٹھہرانے سے محض چند گھنٹے قبل صدر ٹرمپ نے خلیجی خطے میں ایرانی جوابی حملوں کو “غیر متوقع” قرار دے کر اپنی ہی ٹیم کی جنگی حکمت عملی پر بڑے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
