بلوچستان حکومت نے ڈھاڈر کے شہید نائب تحصیلدار شیردل ابڑو کے بیٹے کو تعیناتی اور مالی امداد فراہم کی

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) بلوچستان حکومت نے ضلع کچھی کے علاقے ڈھاڈر میں گزشتہ ماہ شہید ہونے والے نائب تحصیلدار شیردل ابڑو کو باضابطہ طور پر شہید قرار دے دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی شہید کے بیٹے محمد علی ابڑو کو شہید کوٹہ کے تحت نائب تحصیلدار کی ملازمت کا تقرری آرڈر جاری کیا گیا اور 50 لاکھ روپے کا مالی امدادی چیک بھی پیش کیا گیا۔

گزشتہ روز صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو، صوبائی وزیر میر عاصم کرد گیلو، پارلیمانی سیکرٹری حاجی برکت رند، رکن صوبائی اسمبلی زرک خان مندوخیل اور رکن صوبائی اسمبلی میر عبید گورگیج سمیت دیگر نے شہید کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی نے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔
صوبائی وزراء نے کہا کہ شہید شیردل ابڑو نے فرائض کی ادائیگی کے دوران اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔ بلوچستان حکومت شہداء کے خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ہر ممکن معاونت جاری رکھے گی۔
