آئی ایس آئی سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم نے خود کی میڈیا پر تشہیر سے منع کردیالیکن کیوں؟

راولپنڈی(قدرت روزنامہ) انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے نئے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم نے تمام متعلقہ حکام کو میڈیا میں اپنی تشہیر کرنے سے روک دیا۔ دی نیوز کے مطابق ڈی جی آئی ایس آئی کی طرف سے متعلقہ اداروں اور حکام سے کہا گیا ہے کہ وہ ان کی میٹنگز اور دیگر سرگرمیوں کے متعلق ویڈیوز اور تصاویر میڈیا کو مت دیں۔ یہ بات ایک وفاقی وزیر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر دی نیوز کو بتائی۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ نئے ڈی جی آئی ایس آئی میڈیا میں اپنی تشہیر نہیں چاہتے۔ یہی وجہ ہے کہ جب سے انہوں نے عہدہ سنبھالا ہے، ان کی کوئی تصویر یا ویڈیو میڈیا کے لیے جاری نہیں کی گئی ہے۔ اس معاملے پر بات کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل (ر)امجد شعیب کا کہنا تھا کہ ”انٹیلی جنس سروسز کا یہ بنیادی اصول ہے کہ آپ میڈیا کی نظروں سے دور رہیں۔ ماضی میں اس اصول کی خلاف ورزیاں کی جاتی رہی ہیں۔“