وزیر اعلیٰ بلوچستان سے پاکستان نیول وار کالج کے وفد سے ملاقات

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی سے پاکستان نیول وار کالج کے 55ویں تربیتی کورس کے شرکاء سے ملاقات کی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے عالمی منظرنامے میں پاکستان کے قائدانہ کردار پر قومی و عسکری قیادت کوخراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں پائیدار امن کے لئے سول و عسکری قیادت کے مشترکہ اقدامات ناگزیر ہیں، نوجوانوں کو قومی دھارے میں شامل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، ریاستی پالیسیوں کا محور نوجوان ہیں، بلوچستان میں غیر متوازن ترقی کے باعث تشدد کا تاثر غلط ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریاست کوغیرمستحکم کرنے کیلئے بلوچستان کے نوجوانوں کی منفی ذہن سازی کی جارہی ہے، بیرون ملک بیٹھے پاکستان مخالف عناصرسوشل میڈیا کے ذریعے متحرک ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ کو بلوچستان حکومت نے اون کیا ہے تاہم بلوچستان پولیس کی استعداد کاربڑھانے کے لئے 40 ارب روپے فراہم کررہے ہیں۔
سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ سی ٹی ڈی کو مزید دس ارب روپے فراہم کئے جا رہے ہیں، نوجوانوں اورریاست کے مابین دوری ختم کرنے کے لئے میرٹ اور ہرسطح پرڈائیلاگ کو فروغ دے رہے ہیں، ہرجامعہ اورہرفورم پرنوجوانوں کو سناجارہا ہے جبکہ بلوچستان میں پہلی یوتھ پالیسی بھی متعارف کرائی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے ان جوانوں کو گلے سے لگائیں گے جن کے حکومت سے گلے شکوے ہیں، ریاست کے خلاف بندوق اٹھا کر تشدد کا راستہ اختیار کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں ہوگی، موثر حکمت عملی، میرٹوکریسی اور نوجوانوں سے ڈائیلاگ کا تسلسل برقراررکھیں گے، ریاست کو غیر مستحکم کرنے کی ہر سازش ناکام ہوگی۔
