معروف ہالی ووڈ اداکارہ کا انٹرویو میں ’انشاء اللہ‘ کا استعمال، سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی

نیویارک(قدرت روزنامہ)معروف ہالی ووڈ اداکارہ اینی ہتھاوے نے ایک انٹرویو کے دوران اپنی گفتگو میں ’انشاء اللہ‘ کا استعمال کیا جس کے بعد یہ لمحہ سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گیا۔
اداکارہ ایک انٹرویو میں عمر بڑھنے اور صحت مند، طویل زندگی کے بارے میں بات کر رہی تھیں۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ ’میں ایک لمبی اور صحت مند زندگی گزارنا چاہتی ہوں انشاء اللہ، امید ہے‘۔
یہ جملہ سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین نے حیرت اور دلچسپی کا اظہار کیا اور متعدد افراد نے اس بات پر گفتگو کی کہ اداکارہ نے یہ لفظ کس درست انداز میں استعمال کیا۔
View this post on Instagram
انٹرویو کے دوران اینی ہتھاوے نے اپنی 40 سال کی عمر کے تجربات پر بھی بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ عمر انسان کو اپنے ماضی کے فیصلوں کا جائزہ لینے اور یہ سمجھنے کا موقع دیتی ہے کہ کون سے فیصلے جاری رکھنے چاہییں اور کون سے بدلنے چاہییں۔
یہ بھی پڑھیں: ’خدا دیکھ رہا ہے‘، نماز سے متعلق ویڈیو پر شارک ٹینک کی جج کا ہندو ٹرولرز کے خلاف سخت ردعمل
انہوں نے کہا کہ عمر بڑھنے کے ساتھ انہیں یہ احساس ہوا ہے کہ ہر بات کو زیادہ سنجیدگی سے لینے کے بجائے بعض اوقات پرسکون رہنا زیادہ بہتر ہوتا ہے۔ ان کے مطابق زندگی میں انسان یا تو عمر بڑھنے سے ڈرتا ہے یا کم عمری میں موت سے جبکہ بہتر رویہ یہ ہے کہ عمر کے ہر مرحلے کو قبول کیا جائے۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ عمر بڑھنے کے باوجود زندگی میں غیر یقینی صورتحال برقرار رہتی ہے اور یہی بات اسے دلچسپ بناتی ہے کہ انسان کو کبھی بھی یہ معلوم نہیں ہوتا کہ اگلا لمحہ کیا لائے گا۔
