پشاور ہائیکورٹ کا افغانستان سے میڈیکل ڈگری یافتہ طلبہ کے حق میں بڑا فیصلہ

پشاور(قدرت روزنامہ)پشاور ہائی کورٹ نے افغانستان سے میڈیکل ڈگری یافتہ طلبہ کے حق میں بڑا فیصلہ دیتے ہوئے افغان یونیورسٹیوں کو ڈی لسٹ کرنے کا نوٹی فکیشن غیر قانونی قرار دے دیا اور متاثرہ 22 طلبہ کو این آر ای امتحان میں بیٹھنے کی اجازت دے دی۔
پشاور ہائی کورٹ نے تحریری فیصلہ جاری کیا جس کے مطابق عدالت نے 22 میڈیکل کے طلبہ کی درخواست منظور کی اور مذکورہ طلبہ کو ہاؤس جاب کے لیے پی آر ایم پی سرٹیفکیٹس جاری کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
عدالت نے متاثرہ طلبہ کو این آر ای امتحان میں بیٹھنے کی اجازت دے دی اور فیصلے میں بتایا کہ پی ایم ڈی سی نے 8 ستمبر 2025 کو افغانستان کے مختلف میڈیکل یونیورسٹی کو ڈی لسٹ کیا اور درخواست گزاروں کے مطابق فیصلے کا اطلاق ماضی سے کیا جبکہ ایگزیکٹو فیصلے کا اطلاق ماضی سے نہیں کیا جا سکتا۔
فیصلے میں کہا گیا کہ درخواست گزاروں نے اپنی ڈگریاں متعلقہ تعلیمی اداروں کے ڈی لسٹ ہونے سے پہلے مکمل کیں لہٰذا پی ایم ڈی سی بیرون ملک سے فارغ التحصیل پاکستانی طلبہ کا سال میں دو بار امتحان لینے کی پابند ہے۔
