اسلام آباد والے اب کہہ رہے ہیں بھائی جان آبنائے ہرمز چھڈو، اسلام آباد کھول دیو! تواڈی مہربانی

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا وفاقی دارالحکومت میں سخت سکیورٹی انتظامات پر دلچسپ تبصرہ


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا وفاقی دارالحکومت میں سخت سکیورٹی انتظامات پر دلچسپ تبصرہ سامنے آگیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کے آغاز سے جہاں عالمی سطح پر خبروں کی زینت بنا ہوا ہے، وہیں پاکستانی شہری یہاں کیے جانے والے سخت سکیورٹی انتظامات پر نالاں دکھائی دیتے ہیں، جن کا مؤقف ہے کہ ایران امریکہ مذاکرات کا دوسرا دور تو تعطل کا شکار ہوگیا لیکن اسلام آباد میں اب بھی سخت سکیورٹی انتظامات کے باعث معمولات زندگی بری طرح متاثر ہورہے ہیں، اس پر سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’اسلام آباد والے اب کہہ رہے ہیں بھائی جان آبنائے ہرمز چھڈو، اسلام آباد کھول دیو! تواڈی مہربانی‘۔


اسی طرح اینکرپرسن غریدہ فاروقی نے اسلام آباد میں ایران امریکہ مذاکرات مؤخر ہونے کے باوجود سکیورٹی انتظامات پر سوال اٹھادیا، سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ مذاکرات کی اب چونکہ کوئی حتمی تاریخ تو ہے نہیں جب تک کہ ایران جواب نہ دے، تو اب بھی اسلام آباد پنڈی کو بند رکھنے کا کیا جواز ہے؟ کاروبار بند، ٹرانسپورٹ بند، روزمرہ زندگی بند، لوگ گھروں میں یا تو قید ہو کر رہ گئے ہیں یا ہوٹلوں ہاسٹلز سے نکال دیے گئے ہیں۔
غریدہ فاروقی کہتی ہیں کہ اول تو امن مذاکرات یا کسی بھی رہنما کی آمد اپنے عوام کیلئے عذاب نہیں ہونی چاہئیے، اور اب چونکہ کچھ بھی حتمی نہیں تو محض مفروضے اور انتظار پر ملک کے دارالحکومت اور ساتھ پنڈی کو بھی بند رکھنا یہ کون سی عقلمندی ہے۔


صحافی عامر الیاس رانا کہتے ہیں کہ اسلام آباد میں تقریباً کاروبار بند کرا دیا گیا ہے، بلیو ایریا بند پڑا ہے، ناکوں پر تذلیل کا سامان کرنا پڑتا ہے، ایک ناکے سے چیک ہوں پھر دوسرا ناکہ آ جاتا ہے، اور فیض آباد پرتو ویسے ہی روزانہ ہر وقت کا کمال ہے، کوئی پچھے یہ ایم ٹیگ کیوں لگوائے؟ کس کی دیہاڑی بنی؟ ان ناکوں پر تین میں دو لائن اور چار میں تین لائن ایم ٹیگ کی ہونی چاہئیں کہ لوگ فوری نکل سکیں، جس ہر شک ہو اسے ضرور روکیں وزیراعظم صاحب یہ کون سے تیل کی بچت ہو رہی ہے، صرف محسن نقوی اور ان پولیس لوگوں کیلئے وبال جان بنی ہوئی ہے۔

WhatsApp
Get Alert