بھارت سے ایران تک دو جنگیں، جنرل عاصم منیر کا اثر و رسوخ کیسے بڑھا؟ الجزیرہ کی رپورٹ میں اہم انکشافات


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) الجزیرہ کی ایک تفصیلی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ عاصم منیر کا اثر و رسوخ حالیہ علاقائی تنازعات کے بعد نمایاں طور پر بڑھا ہے۔ رپورٹ کے مطابق بھارت کے ساتھ کشیدگی اور ایران سے متعلق بحران نے ان کے کردار کو مزید مضبوط بنایا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سال 2025 میں بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی میں شدید اضافہ دیکھنے میں آیا، جس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان صورتحال نہایت حساس ہو گئی تھی۔
اس موقع پر جنرل عاصم منیر نے فوجی قیادت سنبھالتے ہوئے اہم فیصلے کیے، جنہیں دفاعی ماہرین نے مؤثر قرار دیا۔ الجزیرہ کے مطابق اس کشیدہ صورتحال کے نتیجے میں نہ صرف ملکی سطح پر جنرل عاصم منیر کی پوزیشن مستحکم ہوئی بلکہ ان کی قیادت کو بھی مزید تقویت ملی۔
دوسری جانب 2026 میں امریکہ اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران پاکستان نے ایک اہم سفارتی کردار ادا کیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس عمل میں جنرل عاصم منیر نے اہم رابطوں اور پس پردہ سفارتکاری میں کلیدی کردار ادا کیا۔ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے اس کردار کو مثبت انداز میں دیکھا گیا اور اسے ایک ایسے ملک کے طور پر پیش کیا گیا جو خطے میں کشیدگی کم کرنے میں کردار ادا کر سکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق جہاں بھارت کے ساتھ تنازع نے جنرل عاصم منیر کی عسکری قیادت کو اجاگر کیا، وہیں ایران بحران میں کردار نے انہیں عالمی سطح پر ایک مؤثر شخصیت کے طور پر متعارف کروایا۔ الجزیرہ کے تجزیے میں کہا گیا ہے کہ یہ دونوں عوامل جنرل عاصم منیر کے عروج میں اہم سنگ میل ثابت ہوئے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert